Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

امارات کی فضائی کمپنیوں اور قطر ایئرویز نے بیروت کےلیے پروازیں منسوخ کردیں

 منگل کو 30 سے زیادہ پروازیں منسوخ کی گئی ہیں۔(فوٹو: ایکس اکاونٹ)
لبنان پر اسرائیل کے حملوں کے بعد ایمریٹس، فلائی دبئی، ایئرعربیہ، اتحاد ایئرویز اور قطر ایئرویز نے بیروت کے لیے فلائٹ آپریشن عارضی طور پر معطل کردیا۔
بیروت کے رفیق حریری انٹرنیشنل ایئرپورٹ ویب سائٹ کے مطابق منگل کو 30 سے زیادہ پروازیں منسوخ کی گئی ہیں۔
قطر ایئرویز، امارات کی فضائی کمپنیوں سمیت کئی ایئرلائنز کی بیروت سے جانے والی 15 اور آنے والی 29 پروازیں منسوخ کی گئی ہیں۔
ایمریٹس نے بیروت کے لیے تین پروازیں منسوخ کی ہیں۔ دبئی سے بیروت جانے والی پروازیں جمعرات 26 ستمبر تک منسوخ رہیں گی۔
ایمریٹس کے ترجمان نے کہا ’ہم لبنان کی صورتحال پر گہری نظر رکھے ہوئے ہیں اور متعلقہ حکام کے ساتھ رابطے میں ہیں‘۔
یاد رہے ایمریٹس دبئی اور بیروت کے درمیان ہفتہ وار 12 پروازیں چلا رہی ہے۔
امارات کی فضائی کمپنی ایئر عربیہ نے منگل 24 ستمبر کو شارجہ بیروت، اور ابوظبی بیروت کی پروازیں منسوخ کی ہیں۔ 
 اتحاد ایئر ویز نے بھی منگل کو بیروت کےلیے پروازیں منسوخ کرنے کا اعلان کیا ہے۔
فلائی دبئی کے ترجمان کا کہنا ہے’ منگل اور بدھ کو پروازیں علاقائی صورتحال کے باعث منسوخ کی گئی ہیں‘۔
فلائی دبئی نے مسافروں کو ری بکنگ یا رقم واپسی کی پیشکش کی ہے، ائیر لائن دبئی سے بیربت کےیے ہفتہ وار 7 پروازیں چلا رہی ہے۔
قطر ایئرویز نے بھی لبنان کی صورتحال کے باعث بدھ تک بیروت کے لیے پروازیں معطل کر دی ہیں۔
ایئر لائن نے بیان میں کہا’ لبنان میں جاری صورتحال کے باعث بدھ 25 ستمبر تک بیروت کےلیے پروازیں عارضی طور پر معطل کی گئی ہیں۔
 بیان میں کہا گیا’مسافروں کی حفاظت ہماری اولین ترجیح ہے‘۔

شیئر: