Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

لبنان میں اسرائیل کے فضائی حملوں میں عمارتیں تباہ، 356 ہلاک

اسرائیلی فوج کی جانب سے پیغامات بھیجنے کے بعد لوگ محفوظ مقامات پر منتقل ہو رہے ہیں۔ (فوٹو: اے ایف پی)
وزارت صحت کے مطابق لبنان میں اسرائیلی فضائی حملوں میں کم سے کم 356 افراد ہلاک ہوئے۔
عرب نیوز کے مطابق پیر کو حزب اللہ اور اسرائیل کے درمیان تصادم ایک نئے مرحلے میں داخل ہو گیا ہے۔
لبنانی وزارت صحت کے ہیلتھ ایمرجنسی سینٹر کے مطابق جنوبی لبنان اور وادی البقاع پر 350 سے زیادہ اسرائیلی فضائی حملوں میں 356 ہلاک اور 1246 زخمی ہوئے، جن میں بچے، خواتین اور طبی عملے کے اراکین شامل ہیں۔
اسرائیلی فوج نے علی الصبح وسیع پیمانے پر فضائی حملوں کا سلسلہ شروع کیا۔
درجنوں جنگی طیاروں نے بیک وقت رہائشی مکانات، رہائشی علاقوں، وادیوں اور جنگلات کو نشانہ بنایا۔
اسرائیلی فوج نے دعویٰ کیا کہ حزب اللہ عام شہریوں کے مکانات اور نجی شہری تنصیبات کو راکٹ داغنے کے لیے استعمال کرتی ہے۔
اسرائیلی فوج کے ترجمان ڈینیئل ہگاری نے کہا ہے کہ حزب اللہ گائیڈڈ میزائل شہریوں کے مکانات میں چھپا رہی ہے۔
اسرائیلی وزیراعظم بن یامین نیتن یاہو کے ایک مشیر نے بتایا کہ ’حزب اللہ نے اسرائیل کے خلاف ایرانی ڈرون استعمال کیے ہیں۔‘
اسرائیلی وزیر خارجہ اسرائیل کاٹز نے کہا کہ حزب اللہ کے سیکریٹری جنرل حسن نصر اللہ نے لبنان کے شہریوں کو ’یرغمال بنا کر، ان کے مکانات اور قصبوں کے اندر راکٹ اور ہتھیار چھپا کر اسرائیل کے ہوم فرنٹ کو خطرے میں ڈال دیا ہے۔‘

اسرائیلی فوج نے کئی لبنانی علاقوں کو نشانہ بنایا۔ (فوٹو: اے ایف پی)

اسرائیلی وزیر خارجہ نے کہا کہ لبنان کے شہریوں کو چاہیے کہ وہ ’کوئی بھی مکان جو حزب اللہ تنظیم کے لیے ایک مقام بن چکا ہو، نقصان سے بچنے کے لیے خالی کرا دیں۔‘
نگراں وزیراعظم نجیب میقاتی نے کہا ہے کہ لبنان کے خلاف جاری اسرائیلی جارحیت ہر لحاظ سے نسل کشی کے ساتھ ایک تباہ کن منصوبہ ہے جس کا مقصد دیہاتوں اور قصبوں کو تباہ کرنا اور تمام سبزہ زاروں کو ختم کرنا ہے۔
انہوں نے بااثر ممالک سے ایک مرتبہ پھر اپیل کرتے ہوئے کہا کہ وہ ’اسرائیلی جارحیت روکنے، اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قرارداد 2735 پر عمل درآمد اور دو ریاستی حل اور منصفانہ اور جامع امن کی بنیاد پر مسئلہ فلسطین کو حل کرنے کے لیے دباؤ ڈالیں۔‘
وزیراعظم نجیب میقاتی نے کہا کہ ’ہم قرارداد 1701 کے لیے اپنے عزم کا اعادہ کرتے ہیں اور ایک حکومت کے طور پر ہم اسرائیل کی نئی جنگ کو روکنے کے لیے کام کر رہے ہیں۔‘
لبنان کے کئی علاقوں میں اسرائیل نے فضائی حملے کیے جن کے نتیجے میں متعدد افراد ہلاک اور زخمی ہوئے۔

اسرائیلی فوج نے بیروت کے مضافات میں ایک عمارت کو نشانہ بنایا۔ (فوٹو: اے ایف پی)

اسرائیلی فوج نے پیغامات کے ذریعے وادی البقاع، بیروت اور عکار کے رہائشیوں کو خبردار کیا کہ وہ حزب اللہ کے مراکز کے قریب مکانات خالی کریں۔
فضائی حملوں اور ٹیلی فون پیغامات کے فوراً بعد سکول بند کر دیے گئے، بہت سے خاندان جنوبی علاقوں سے نکل  گئے ہیں۔
اسرائیلی فوج کے ترجمان نے دعویٰ کیا کہ ’صرف ان عمارتوں کو نشانہ بنایا گیا جن میں حزب اللہ کے ہتھیار موجود تھے۔‘
اسرائیلی حملے کے جواب میں حزب اللہ نے کہا ہے کہ اس نے ’اسرائیلی فوج کے شمالی کور کے ریزرو ہیڈ کوارٹر، گیلیلی ڈویژن ریزرو بیس، اور امیاد بیس میں اس کے لاجسٹک سٹورز کے ساتھ زیولون کے علاقے میں رافیل کے ملٹری اور صنعتی کمپلیکس پر گولہ باری کی جبکہ حیفا کے شمال میں درجنوں میزائل بھی داغے گئے۔

شیئر: