سعودی امدادی ایجنسی شاہ سلمان مرکز برائے امداد و انسانی خدمات نے اقوام متحدہ کی ریلیف اینڈ ورکس ایجنسی برائے فلسطینی پناہ گزین( الاونروا) کے ساتھ تعاون کے ایک معاہدے پر دستخط کیے ہیں۔
معاہدے پر شاہ سلمان مرکز کے سربراہ ڈاکٹرعبداللہ الربیعہ اور اقوام متحدہ کی ایجنسی کےسربراہ جنرل فلپ لزارینی نے نیویارک میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کےاجلاس کے موقع پر دستخط کیے۔
ایس پی اے کے مطابق معاہدے کے تحت دونوں ادارے انسانی ہمدردی کے شعبے کے ساتھ نالج، تجربے، فیلڈ کی مہارت، ریسرچ میں تعاون کریں گے۔
دونوں ادارے انسانی ہمدردی کے کارکنوں کی صلاحیتوں کو بڑھانے اور تربیت کی فراہمی کے علاوہ رضاکارانہ طبی منصوبوں کےلیے بھی مل کر کام کریں گے۔
مشترکہ دلچسپی کے موضوعات پر کانفرنسوں، سیمیناروں، ورکشاپس اور نمائشوں میں بھی شرکت کریں گے اور میڈیا میں اپنی اجتماعی کوششوں کو اجاگر کریں گے۔