سعودی قہوے کی پیداوار 7 ہزار ٹن تک پہنچانے کا ہدف
جمعرات 26 ستمبر 2024 0:00
اس حوالے سے ’بینالی الدرعیہ‘ میں نمائش جاری ہے۔ (فوٹو العربیہ نیٹ)
2023 میں سعودی قہوہ کی پیداوار 1485 ٹن سے تجاوز کرگئی جس میں 37 فیصد اضافہ ہوا ہے۔
العربیہ نیٹ کے مطابق سعودی ریف پروگرام کے تحت 2026 تک قہوے کی پیداوار کو 7 ہزار ٹن تک پہنچانا ہے۔ اس سیکٹر کو آغاز سے اب تک فراہم کی جانے والی سپورٹ پروگرام کی مد میں اب تک 61 ملین ریال فراہم کیے جاچکے ہیں جبکہ اس سے فائدہ اٹھانے والوں کی تعداد 3718 تک پہنچ گئی۔
اس کے علاوہ سعودی قہوے کا شعبہ ’ریف ویلی‘ نمائش کی سرگرمیوں کے ذریعے پروگرام کے آغاز کے بعد سے نمایاں کامیابیوں کا مظاہرہ کررہا ہے جو 25 اور 26 ستمبر کو ’بینالی الدرعیہ‘ میں جاری ہے۔
ریف پروگرام کا کہنا ہے سعودی قہوہ کے کاشتکار اور اس سے متعلقہ افراد و ادارے ’ریف ویلی‘ نمائش میں موجود قہوہ کے پویلین میں اس کی مختلف اقسام اور اپنی مصنوعات کی نمائش کررہے ہیں۔
اس کا مقصد مارکیٹنگ کے علاوہ سعودی قہوے کی مختلف اقسام کی کاشت اور پیداوار میں متعدد کاشتکاروں کو منفرد تجربات فراہم کرنا ہے۔
ریف ویلی نمائش میں کاشتکاروں اور سعودی قہوہ پروڈیوسرز کے لیے نئے منصوبے متعارف کرانے، وزیٹرز، کمپنیوں اور زرعی شعبے سے دلچسپی رکھنے والوں کو اپنی مصنوعات کی مارکیٹنگ کا ایک اچھا موقع ملا ہے۔
یہ نمائش مختلف کیٹیگریز سے دلچسپی رکھنے والے 10 ہزار سے زیادہ وزیٹرز کی میزبانی کرتی ہے ۔ مملکت کے دیہی علاقوں کی ترقی کے حوالے سے ایک منفرد اور معیاری تجربہ فراہم کرتی ہے۔
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے ”اردو نیوز“ گروپ جوائن کریں