Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی عرب کی نان آئل برآمدات میں 19 فیصد اضافہ ریکارڈ

رواں برس جولائی میں 25.4 ارب ریال تک پہنچ گئیں (فائل فوٹو: عرب نیوز)
سعودی محکمہ شماریات کا کہنا ہے کہ ’جولائی میں مملکت کی برآمدات میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا جو گذشتہ برس اسی عرصے کے مقابلے میں 2.1 فیصد زیادہ رہی۔‘
سبق نیوز کے مطابق رواں برس جولائی میں 94.5 ارب ریال کی برآمدات کی گئی جب کہ سال 2023 میں اسی ماہ ہونے والی برآمدات 92.6 ارب ریال تھیں۔
 رپورٹ میں مزید کہا گیا کہ ’رواں برس جولائی میں تیل کی برآمدات 69.1 ارب ریال رہی جبکہ گذشتہ برس اسی عرصے میں تیل کی برآمدات 71.3 ارب ریال کی تھی۔‘
پٹرولیم مصنوعات کی برآمدات میں رواں برس 2.2 ارب ریال کی کمی دیکھنے میں آئی جبکہ نان آئل برآمدات میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
اعداد وشمار کے مطابق نان آئل برآمدات میں 19 فیصد اضافے کے بعد رواں برس جولائی میں 25.4 ارب ریال تک پہنچ گئیں۔
 گذشتہ برس اسی عرصے میں ہونے والی برآمدات کی مالیت 21.3 ارب ریال تھی۔
درآمدات کے حوالے سے رپورٹ میں کہا گیا کہ ’رواں برس جولائی میں درآمدات 12.6 فیصد بڑھ کر 75.2 ارب ریال تک پہنچ گئیں جبکہ گذشتہ برس اسی عرصے میں ہونے والی درآمدات کی مالیت 66.8 ارب ریال تھی۔‘

شیئر: