Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

لبنان کی سرحد کے قریب اسرائیلی حملے میں پانچ شامی فوجی ہلاک: سرکاری میڈیا

اسرائیلی فوج نے کہا تھا کہ اس نے شام اور لبنان کی سرحد کے قریب انفراسٹرکچر کو نشانہ بنایا۔ (فوٹو: اے ایف پی)
شام کی سرکاری خبر رساں ایجنسی سانا نے فوجی ذرائع کے حوالے سے کہا ہے کہ جمعے کو لبنان کی سرحد کے قریب اسرائیلی فضائی حملے میں پانچ شامی فوجی ہلاک ہو گئے ہیں۔
سانا کے مطابق فوجی ذرائع نے کہا ہے کہ اسرائیلی دشمن نے شام اور لبنان کی سرحد پر کفیر یابوس کے قریب ایک فوجی پوزیشن پر حملہ کیا جس میں پانچ شامی فوجی جان سے گئے اور ایک زخمی ہو گیا۔
اس حملے سے ایک دن قبل اسرائیلی فوج نے کہا تھا کہ اس کے جنگی طیاروں نے شام اور لبنان کی سرحد کے قریب انفراسٹرکچر کو نشانہ بنایا جو حزب اللہ کے زیرانتظام تھا جہاں سے یہ تنظیم شام سے لبنان میں ہتھیار منتقل کرتی۔
شام میں انسانی حقوق کے ادارے سیرین آبزرویٹری فار ہیومن رائٹس نے کہا ہے کہ اسرائیلی طیاروں نے شام میں ایک راہداری کو ہدف کیا ہے جو شام کے قُصیر علاقے کو لبنان سے جوڑتی ہے۔ اس واقعے میں متعدد افراد زخمی ہو گئے ہیں۔
برطانوی ادارہ سیرین آبزرویٹری فار ہیومن رائٹس جو ذرائع کے ایک نیٹ ورک پر معلومات کے لیے انحصار کرتا ہے، نے کہا ہے کہ رواں ہفتے لبنان میں حزب اللہ کے خلاف اسرائیل کی جانب سے شدید حملوں کے بعد یہ پہلا اسرائیلی حملہ ہے۔

شیئر: