کافی کا استعمال انسانی صحت کےلیے نقصان دہ ہے یا مفید؟
کافی کے فوائد حاصل کرنا ہوں تو اسے اصل طریقے سے استعمال کیا جائے (فوٹو: عرب نیوز)
سعودی عرب کے جازان ریجن کی کمشنری الریث کا پہاڑی علاقہ ’منمنہ‘ جس کی بلندی سطح سمندر سے 1425 میٹر ہے کے معروف کاشت کار فیصل الریثی کا کہنا ہے ’قہوہ‘ (کافی) انسانی صحت کے لیے مضر نہیں بلکہ اس کے متعدد فوائد ہیں۔
اخبار 24 کے مطابق فیصل الریثی ریاض کے علاقے الدرعیہ میں ہونے والی نمائش میں شرکت کررہے ہیں۔
فیصل الریثی کا کہنا تھا ’مجھے اس بات سے دکھ ہوتا ہے کہ لوگ کافی کو مضر سمجھتے ہیں حالانہ اسے پینے سے کوئی نقصان نہیں ہوتا بلکہ یہ تو بیشتر معاملات میں صحت بخش ہوتی ہے‘۔
’ اگر کافی کے فوائد حاصل کرنا ہوں تو اسے اصل طریقے سے استعمال کیا جائے، کافی کے بیچوں کی جو کیمیائی ساخت ہے اس میں 4 فیصد معدنیات شامل ہیں جن میں فولاد اور سوڈیم قابل ذکر ہے‘۔
قدیم عربوں میں یہ رواج تھا کہ وہ چھوٹے بچے کو بھی کافی پلاتے تھے کیونکہ اس میں فلورائیڈ اورکیلشیم کی بڑی مقدار ہوتی ہے جو انسانی ہڈیوں کے لیے انتہائی اہمیت کی حامل ہے۔
جازان ریجن میں کافی کی کاشت کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ’ تاریخی حوالے سے علاقے میں تین سو برس سے بھی پہلے کافی کی کاشت کی جاتی تھی‘۔