’پاکستانی عربوں سے کہیں زیادہ سعودی کافی پسند کر رہے ہیں‘
جمعرات 5 اکتوبر 2023 5:04
’کافی ہاوس کا افتتاح کیا تو پتہ چلا اسلام آباد میں تو عربوں کی ایک دنیا آباد ہے‘ (فوٹو: سکرین گریب)
سعودی عرب کے علاقے قصیم سے تعلق رکھنے والے ایک پاکستانی نوجوان وائل بن عبدالرحمان واصل نے اسلام آباد میں سعودی کافی ہاؤس کھولا ہے۔
العربیہ چینل سے گفتگو کرتے ہوئے وائل بن عبدالرحمان واصل کا کہنا تھا کہ ’میں قصیم میں پیدا ہوا اور وہیں پلا بڑھا اور یہ رشتہ اب بھی قائم ہے۔‘
وائل بن عبدالرحمان کا کہنا تھا کہ انہوں نے ثانوی سکول کے بعد پہلے سعودی عرب میں اعلٰی تعلیم حاصل کرنے کی کوشش کی لیکن کامیابی نہ ملنے پر 2014 میں پاکستان آ گئے۔
’پہلے میں کراچی پہنچا جہاں سکالرشپ پر تعلیم حاصل کرنے والے سعودی نوجوانوں سے رابطہ ہوا۔ پاکستانی ہونے کے باوجود اردو سے ناواقف تھا۔ میری مادری زبان عربی تھی۔ سعودی نوجوان میرے ترجمان بن گئے تھے۔ وہی مجھے اردو میں ہونے والی گفتگو عربی میں ترجمہ کرکے بتاتے تھے۔‘
وائل بن عبدالرحمان نے کہا کہ ’اس دوران اسلام آباد میں سعودی کافی ہاؤس کھولنے کا پروگرام بنایا۔ ہمیں معلوم نہیں تھا کہ اسلام آباد میں عرب ممالک کے کتنے لوگ موجود ہیں۔‘
بعدازاں کافی ہاؤس کے لیے ایک جگہ حاصل کی اور جس دن اس کا افتتاح کیا اس روز پتہ چلا کہ اسلام آباد میں تو عربوں کی ایک دنیا آباد ہے۔
انہوں نے بتایا کہ ’کافی ہاؤس کھولے ہوئے تقریباً ڈیڑھ برس ہو چکا ہے۔ ہمارے ہاں نہ صرف عرب نوجوان آتے ہیں بلکہ عرب فیملیز بھی پابندی سے آنے لگی ہیں۔‘
’پاکستانی شہری عربوں سے کہیں زیادہ سعودی کافی پسند کر رہے ہیں۔ طویل مسافت طے کر کے سعوی کافی کا لطف لینے کے لیے پہنچتے ہیں۔ اگر کبھی کافی ختم ہو جائے تو ناراضی دکھاتے ہیں۔‘
وائل بن عبدالرحمان نے بتایا کہ ’کافی ہاؤس میں استعمال ہونے والی کافی قصیم سے براہ راست منگواتے ہیں اور اپنے وزیٹرز کو سعودی کافی ’سکری‘ کھجور کے ساتھ پیش کرنے کا اہتمام کرتے ہیں۔‘