Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سوڈان میں پانی کی فراہمی اور میڈیکل سینٹر کے لیے اقوام متحدہ کے ادارے سے معاہدہ

اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی اجلاس کے موقع پر معاہدے پر دستخط کیے گئے (فوٹو: ایس پی اے)
سعودی امدادی ایجنسی شاہ سلمان مرکز برائے امداد وانسانی خدمات نے سوڈان کی ریاستوں کسالا اور قضارف میں پانی اور صفائی کے شعبے میں سپورٹ کے لیے اقوام متحدہ کے ترقیاتی پروگرام ( یو این ڈی پی) کے ساتھ ایک تعاون کے معاہدے پر دستخط کیے ہیں۔
نیویارک میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی اجلاس کے موقع پر مرکز کے سربراہ ڈاکٹرعبداللہ الربیعہ اور یواین ترقیاتی پروگرام کے ڈائریکٹر جنرل اچم سٹینرکی موجودگی میں مرکز کی ڈائریکٹر آف پارٹنرشپ اینڈ انٹرنیشنل ریلیشنز ڈاکٹر ھنا عمر اور یواین ترقیاتی پروگرام کے اسسٹنٹ سیکرٹری جنرل اور عرب ریاستوں کے علاقائی دفتر کے ڈائریکٹر نے معاہدے پر دستخط کیے۔
ایس پی اے کے مطابق ساڑھے تین ملین ڈالر کے منصوبے سے آٹھ لاکھ 33 ہزار 520 افراد کو براہ راست اور پانچ ملین افراد کو بالواسطہ فائدہ پہنچے گا۔ 
معاہدے کے تحت واٹر ڈسٹری بیوشن پوائنٹس بڑھانے کے ساتھ، 10 نئے واٹر پلانٹس کے لیے سولر انرجی سسٹم نصب کیے جائیں گے۔
پانی ذخیرہ کرنے  کے کنٹینرز اور پینے کے پانی کو صاف کرنے کےلیے واٹر ٹریٹمنٹ ٹیبلٹس سب زیادہ ضرورت مند خاندانوں میں تقسیم کی جائیں گی۔
علاوہ ازیں شاہ سلمان مرکز نے پورٹ سوڈان میں ایک ڈائگنوسٹک میڈیکل سینٹر کےلیے بھی اقوام متحدہ کے ترقیاتی پرو گرام کے ساتھ ایک معاہدے پر دستخط کیے ہیں۔
معاہدے کے تحت پورٹ سوڈان ڈائگنوسٹک میڈیکل سینٹر کو بحال کیا جائے گا اور ایم آر آئی مشین نصب کی جائے گی۔

شیئر: