Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

شام کی معروف صحافی صفا احمد دمشق پر اسرائیلی فضائی حملے میں ہلاک

اینکر صفاء احمد نے کئی ثقافتی ٹاک شوز اور پروگراموں کی میزبانی کی (فوٹو:ٹوئٹر)
شام کے ٹی وی چینل کی اینکر صفاء احمد دارالحکومت دمشق کے ضلع مزہ پر اسرائیلی فضائی حملے میں ہلاک ہو گئی ہیں۔
عرب نیوز کے مطابق سرکاری ایجنسی صنعاء نے رپورٹ کیا ہے کہ حملے میں صفا احمد سمیت تین شہری ہلاک جبکہ نو زخمی ہوئے ہیں۔
مغربی دمشق کے ضلع مزہ میں بہت سے رہائشی بلاکس، مقامی کاروبار اور ایرانی سفارت خانے سمیت کئی سفارت خانے قائم ہیں۔
شام کے سرکاری ٹیلی ویژن نے بتایا ہے کہ وہ ’اینکر صفاء احمد (کی وفات) کا سوگ منا رہا ہے جو دارالحکومت دمشق میں اسرائیلی جارحیت کے نتیجے میں شہید ہو گئی ہیں۔‘
شامی فوج نے صنعا کو بتایا کہ ’اسرائیل نے منگل کو صبح سویرے شامی گولان کی سمت سے فوجی طیاروں اور ڈرونز سے فضائی جارحیت کی‘ جس میں دمشق اور اس کے مضافات میں کئی مقامات کو نشانہ بنایا۔
شام کے فضائی دفاع نے کہا کہ انہوں نے منگل کی صبح دارالحکومت اور اس کے مضافات کو نشانہ بنانے والے زیادہ تر اسرائیلی میزائلوں کو مار گرایا۔
صحافی صفاء احمد نے 2002 میں سرکاری نشریاتی ادارے میں شمولیت اختیار کی اور کئی ثقافتی ٹاک شوز اور پروگراموں کی میزبانی کی، جس میں فلیگ شپ بریک فاسٹ شو ’صبح الخیر‘ بھی شامل ہے۔
شام کے دارالحکومت پر اسرائیل کے حملوں کی اطلاعات اُس وقت سامنے آئی ہیں جب اس کی فوج نے پڑوسی ملک لبنان میں زمینی حملے شروع کیے ہیں۔
اسرائیل کا دعویٰ ہے کہ وہ مسلح گروپ حزب اللہ کو نشانہ بنا رہا ہے۔

شیئر: