Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

یوکرین میں ایک اور صحافی ہلاک ’روسی فوج نے فوٹوگرافر کو گولی ماری‘

یوکرینی صحافی ماقسم لیوون کی لاش کیئف کے ایک گاؤں سے ملی ہے۔ فوٹو اے ایف پی
یوکرین میں جاری جنگ کی کووریج کرتے ہوئے ایک اور فوٹوگرافر اور ویڈیو گرافر کی ہلاکت ہوئی ہے جو ایک مقامی نیوز ویب سائٹ کے لیے کام کرتے تھے۔
برطانوی خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق فوٹوگرافر اور ویڈیو گرافر ماقسم لیوون کی لاش جمعے کو یوکرین کے دارالحکومت کیئف کے شمال میں واقع ایک گاؤں سے ملی تھی۔
ماقسم لیوون دستاویزی فلمیں بناتے تھے اور سال 2013 سے روئٹرز کے لیے بھی یوکرین کو کوور کر رہے تھے۔
ماقسم لیوون یوکرین میں سال 1981 میں پیدا ہوئے تھے۔ انہوں نے اپنے پیچھے اہلیہ اور چار بچے چھوڑے ہیں۔
یوکرین کے پراسیکیوٹر جنرل کے دفتر نے کہا ہے کہ ماقسم لیوون کو روسی فوج نے دو گولیاں مار کر کے ہلاک کیا ہے۔
روئٹرز کے گلوبل منیجنگ ایڈیٹر جان پل مین نے کہا کہ ماقسم لیوون کی موت کا سن کر بہت افسوس ہوا، وہ بہت عرصے سے روئٹرز کے ساتھ منسلک تھے۔
انہوں نے کہا کہ ’ماقسم سال 2013 سے یوکرین سے تصاویر اور ویڈیوز روئٹرز کو فراہم کر رہے تھے۔ ان کی موت صحافت کی دنیا کے لیے بہت بڑا نقصان ہے۔ اس مشکل وقت میں ہم ان کی فیملی کے ساتھ ہیں۔‘
خیال رہے کہ یوکرین جنگ کے دوران دو امریکی صحافی ہلاک ہو چکے ہیں۔

یوکرین جنگ کی کووریج کے دوران دو امریکی صحافی ہلاک ہو چکے ہیں۔ فوٹو اے ایف پی

تقریباً دو ہفتے قبل 15 مارچ کو امریکی ٹی وی چینل فاکس نیوز کے کیمرہ مین پیئر زکژوسکی یوکرین جنگ کی کوریج کے دوران ہلاک ہو گئے تھے جبکہ ان کی ساتھی بینجمن ہال زخمی ہوئی تھیں۔
اس سے قبل 13 مارچ کو کیئف کے مضافاتی علاقے ارپن میں ایک امریکی صحافی برینٹ ریناڈ کو گولی مار کر قتل کیا گیا تھا۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی نے طبی کارکنان اور عینی شاہدین کے حوالے سے کہا تھا کہ فائرنگ کے واقعے میں ایک اور امریکی صحافی بھی زخمی ہوا تھا۔
ہلاک ہونے والے صحافی کے بیگ سے نیویارک ٹائمز کا کارڈ ملا تھا جس کے بعد کہا گیا کہ وہ نیویارک ٹائمز کے لیے کام کر رہے تھے۔
تاہم امریکی اخبار نیویار ٹائمز نے ایک بیان میں کہا تھا کہ ہلاک ہونے والے صحافی نے ماضی میں نیویارک ٹائمز کے لیے کام کیا تھا لیکن اس وقت وہ اخبار کی کسی اسائمنٹ پر نہیں تھے۔
دونوں امریکی صحافی ارپن چھوڑنے والے پناہ گزینوں کی فوٹیجز بنانے گئے تھے۔ دونوں صحافیوں پر اس وقت فائرنگ کی گئی جب وہ ایک چیک پوسٹ سے گزر رہے تھے۔

شیئر: