Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

یوکرین کے ڈرون حملے میں روسی صحافی ہلاک

روس کے زیرکنٹرول علاقے زیپوریزیا میں صحافیوں کے گروپ کو نشانہ بنایا گیا۔ فوٹو اے ایف پی
روس کے زیرکنٹرول جنوب مشرقی یوکرین میں سرکاری ٹیلی ویژن کے لیے روس یوکرین جنگ کو رپورٹ کرنے والا صحافی گذشتہ روز بدھ کو ہونے والے ایک ڈرون حملے میں ہلاک ہو گیا۔
روئٹرز نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق روس کے سرکاری ٹی وی نے جمعرات کو بتایا ہے کہ یہ ڈرون حملہ یوکرین کی مسلح افواج کی جانب سے کیا گیا ہے۔
روسی تفتیش کاروں کا کہنا ہے کہ یوکرین کی مسلح افواج نے جنوب مشرقی یوکرین میں روس کے زیرکنٹرول علاقے زیپوریزیا میں روسی صحافیوں کے ایک گروپ کو ڈرون حملے اور فائرنگ سے نشانہ بنایا تھا۔
روس کے سرکاری ٹیلی ویژن ’روسیا 24 ‘ کے لیے رپورٹنگ کرنے والے 38 سالہ بورس مکسودوف ڈرون حملے میں شدید زخمی ہوگئے تھے اور ڈاکٹر انہیں بچانے میں ناکام رہے۔
سرکاری ٹیلی ویژن نے رپورٹ میں بتایا ہے کہ ’بورس مکسودوف زیپوریزیا میں یوکرین کی مسلح افواج کی فائرنگ کی زد میں آنے کے بعد شدید زخمی ہوئے اور23 نومبر کو موت کے منہ میں چلے گئے۔‘
آل روس سٹیٹ ٹیلی ویژن اور ریڈیو براڈکاسٹنگ کمپنی (VGTRK) کی جانب سے بورس مکسودوف کے اہل خانہ اور ساتھیوں سے تعزیت کا اظہار کیا گیا ہے۔

بورس مکسودوف زیپوریزیا میں ہونے والے حملے میں شدید زخمی ہوئے تھے۔ (فوٹو: روئٹرز)

روس کی تاس نیوز ایجنسی نے اس موقع پر بنائی گئی فوٹیج میں دکھایا ہے کہ حملے کے چند لمحوں بعد طبی امداد ملنے سے پہلے مکسودوف شدید زخمی حالت میں زمین پر گرے ہوئے ہیں۔
سرکاری ٹیلی ویژن نے اپنے بیان میں کہا کہ بورس مکسودوف کو فوری طور پر ہسپتال پہنچایا گیا تاہم وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسے۔
یوکرین میں زیپوریزیا ان چار علاقوں میں شامل ہے جہاں 24 فروری 2022 کو روس نے اپنے ہزاروں فوجیوں کو داخل کرنے کے بعد ان علاقوں سے الحاق کا دعویٰ کیا ہے۔
 

شیئر: