نیوم میں پہلے سندالہ یاٹ کلب کے اندورنی ڈیزائن کی نقاب کشائی
یاٹ کلب معروف اطالوی لگژری برانڈ کے تعاون سے ڈیزائن کیا گیا ہے۔ فائل فوٹو آئی جی وائے
نیوم کے جزیرے سندالہ میں رواں سال کے آخر میں ہونے والے افتتاح سے قبل گذشتہ روز منگل کو پہلے یاٹ کلب کے اندرونی ڈیزائن کی نقاب کشائی کی گئی۔
عرب نیوز کے مطابق سندالہ یاٹ کلب کا اندرونی ڈیزائن معروف اطالوی لگژری برانڈ Stefano Ricci کے تعاون سے ڈیزائن کیا گیا ہے۔
سندالہ کے جنرل مینجر نکولس سمتھ نے بتایا ہے ’ نیوم کے افتتاحی جزیرے کی منزل کو حتمی شکل دیتے ہوئے کلب کے اندرونی ڈیزائن میں اطالوی کمپنی کے ساتھ ہماری شراکت مستقبل میں یہاں آنے والے سیاحوں کو حیرت زدہ کرے گی۔
سندالہ یاٹ کلب دنیا بھر کے یاٹنگ کے شوقین افراد کے لیے حقیقی معنوں میں ایک بہترین تفریحی تجربہ پیش کرنے کے لیے ہماری لگن کی نمائندگی کرتا ہے۔
یاٹ کلب میں ٹیرس پول، لاؤنج اور ایک عمدہ ریستوراں تیار کیا جائے گا جس کی سربراہی معروف اطالوی شیف اینریکو بارٹولینی کر رہے ہیں جنہیں اٹلی میں متعدد ایوارڈز سے نوازا گیا ہے۔
آئی جی وائے میرینز کمپنی کے زیر انتظام سندالہ یاٹ کلب سپر یاٹ کے لیے 180 میٹر لمبائی تک برتھ سپیس فراہم کرے گا۔
یاٹ کلب کے اندرونی حصے کو اعلی درجے کے سفید ماربل سے تیار کیا جائے گا جس میں جزیرے کے پانی سے متاثرہ نیلے رنگ کی دلفریب لہریں بنائی جائیں گی۔