نیوم میں سیاحت و تفریح کا نیا منصوبہ ’مقنا‘
خوبصورت اور جدید ترین ریزورٹ خلیج العقبہ پر بنایا جائے گا(فوٹو، ایس پی اے)
ہوٹلنگ سیکٹر کی معروف کمپنی ’اکوینوکس‘ نے نیوم کے خلیج العقبہ میں منفرد اور خوبصورت ریزورٹ قائم کرنے کا اعلان کیا ہے۔
سعودی خبررساں ایجنسی ’ایس پی اے‘ کےمطابق مجوزہ ریزورٹ مثالی تفریح گاہ ہو گا جسے عصر حاضر کے جدید ترین تقاضوں کو مدنظر رکھتے ہوئے تعمیر کیا جائے گا۔
ریزورٹ میں سمندری تفریح کے لیے خصوصی انتظام کیا جائے گا جو جدت اور پائیداری کا منفرد امتزاج اور تفریح کے لیے آنے والوں کے لیے بہترین مقام ہوگا۔
منصوبے کے مطابق ریزورٹ کا ایک حصہ سمندر سے متصل ہوگا۔ سمندری گزرگاہ کے اوپر 40 میٹراونچائی پر ایک 450 میٹر لمبا شیشے کا پل ہو گا جس کے ذریعے قدرتی مناظر سے لطف اندوز ہوسکیں گے۔
ہوٹلنگ کمپنی کے سی ای او کرسٹوفر نے بتیا کہ نیوم کے ساتھ کی جانے والی شراکت داری دراصل مہمان نوازی کے منفرد انداز کو پیش کرنا اور جدت و پائیداری کو یکجا کرنا ہے۔
کرسٹوفر کا مزید کہنا تھا کہ مجوزہ ریزورٹ کا منصوبہ ’دا لاین ‘ اور خلیج العقبہ کے جوب میں تعمیر کیا جائے گا جو وہاں آنے والے سیاحوں کے لیے مثالی مقام ہوگا۔
دوسری جانب کمپنی کے ایگزیکٹو مینیجر جیریمی لیسٹر کا کہنا تھا کہ ہوٹلنگ سیکٹر کمپنی کے ساتھ شراکت داری سے نیوم پروجیکٹ کی وسعت کی عکاس ہے جو مہمان نوازی اور سیاحت کے نئے دور کا آغاز ہوگا اور یہاں آنے والے ایک نئے تجربے سے ہمکنار ہوں گے۔