طولکرم کیمپ پر اسرائیلی حملہ، 14 فلسطینی ہلاک
جمعرات 3 اکتوبر 2024 23:54
طولکرم کے روایتی قہوہ خانے پر حملہ کیا گیا(فوٹو ، ایکس اکاونٹ )
فلسطینی وزارت صحت کا کہنا ہے کہ جمعرات کی شب اسرائیلی بمباری سے طولکرم کیمپ کے ایک عوامی قہوہ خانے میں موجود 14 افراد ہلاک ہو گئے ۔
سبق نیوز کے مطابق فلسطینی نیوز ایجنسی نے خبردی ہے کہ اسرائیلی قابض افواج کے طیاروں نے ویسٹ بینک کے شمالی علاقے طولکرم کیمپ پر حملہ کیا۔ اسرائیلی طیاروں نے کیمپ کے علاقے الحمام میں واقع ایک عوامی قہوہ خانے پربم گرایا جس میں بڑی تعداد میں شہری موجود تھے۔
فلسطینی نیوز ایجنسی کا مزید کہنا تھا کہ حملے کی اطلاع ملتے ہی شہری دفاع اور طبی امدادی یونٹس جائے وقوعہ پر پہنچ گئے جہاں سے شہید اور زخمی ہونے والوں کو طولکرم کے ہسپتال منتقل کیا گیا۔
دوسری جانب اسکائی نیوز کے مطابق ایکس اکاونٹ پر اسرائیلی حملے کی وڈیو وائرل ہو رہی ہے جس میں بمباری کے بعد آگ کے شعلے بلند ہوتے دکھائی دے رہے ہیں۔
اسرائیلی افواج کا کہنا ہے کہ انہوں نے جمعرات کی شب ویسٹ بینک میں طولکرم شہر پر مشترکہ آپریشن میں ایک فائٹرطیارے کے حملے میں حصہ لیا۔