Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’شمالی غزہ پر اسرائیلی حملہ انسانی قانون کی خلاف ورزی‘، سعودی عرب کی مذمت

فوری طور پر جنگ بندی کی کوششوں کو تیز کرنے کی ضرورت ہے۔ (فوٹو سبق)
سعودی وزارت خارجہ کی جانب سے شمالی غزہ پٹی پر اسرائیلی جارحیت کی مذمت کی گئی ہے جس کے نتیجے میں درجنوں معصوم فلسطینی ہلاک اور سیکڑوں زخمی ہوئے ہیں۔
سعودی خبررساں ایجنسی ’ایس پی اے‘ کے مطابق وزارت خارجہ کی جانب سے جاری مذمتی بیان میں زور دیا گیا  کہ مملکت کی جانب سے کسی بھی جانب سے کی جانے والی انسانی قانون کی خلاف ورزیوں کو مسترد کیا جاتا ہے۔
بین الاقوامی برادری کو چاہئے کہ وہ اسرائیل کو عالمی انسانی قانون کا احترام کرنے کا پابند بنانے کے لیے واضح اور مضبوط موقف اختیار کرے۔
جاری بیان میں  امدادی کارروائیوں کی جانب توجہ دلاتے ہوئے کہا گیا کہ حملے میں زخمی ہونے والوں کی فوری طبی امداد کے لیے انسانی بنیادوں پر راستوں کو کھولا جائے تاکہ ہنگامی بنیادوں پر طبی امدادی کاموں کا آغاز کیا جاسکے۔
علاوہ ازیں مزید جانوں کے ضیاع کو روکنے کے لیے فوری طور پر جنگ بندی کی کوششوں کو تیز کرنے کی ضرورت ہے۔
 فلسطینی میڈیا ذرائع کے مطابق  شمالی غزہ کے علاقے النابلسی شاہراہ پر بڑی تعداد میں فلسطینی امدادی اشیا کی وصولی کےلیے قطاروں میں کھڑے تھے کہ اچانک اسرائیلی قابض فوج کی جانب سے ان پربمباری کی گئی جس سے ایک سو کے قریب افراد ہلاک جبکہ ایک ہزار سے زائد زخمی ہوئے۔
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے اردو نیوز گروپ جوائن کریں
 

شیئر: