پاکستان سوزوکی موٹر کمپنی نے حال ہی میں سوزوکی بولان (کیری ڈبے) کی پیداوار ختم کی ہے جس کی جگہ اب پاکستان میں بننے والی سوزوکی ایوری لانچ کی جائے گی۔
ویب سائٹ پاک ویلز کے مطابق پاک سوزوکی کمپنی رواں ماہ 12 اکتوبر کو سوزوکی ایوری کو باقاعدہ لانچ کرنے جا رہی ہے۔ پاک سوزوکی کی جانب سے تاحال حتمی تاریخ کا اعلان سامنے نہیں آیا۔
مزید پڑھیں
-
’آلٹو مزید سستی‘، سوزوکی جاپان کیا تبدیلی کر رہی ہے؟Node ID: 873926
پاکستان میں سوزوکی بولان یا کیری ڈبے کی پیداوار باضابطہ طور پر ختم ہو چکی ہے۔
گذشتہ چند برسوں کے دوران اس گاڑی کے بند ہونے کی افواہیں گردش کر رہی تھیں،لیکن اب یہ بات مکمل طور پر واضح ہو گئی ہے کہ سڑکوں پر کوئی نئی بولان نظر نہیں آئے گی۔
یاد رہے کہ اس سے قبل سوزوکی کمپنی اپنی مہران گاڑی کی پیداوار بھی بند کرچکی ہے۔ یہ دونوں گاڑیاں کم قیمت سپیئر پارٹس اور بہتر فیول ایوریج کی وجہ سے عوام میں بہت مقبول رہی ہیں۔
چند روز قبل سوشل میڈیا پر سوزوکی کمپنی کے پلانٹ کی ایک تصویر وائرل ہوئی جس میں ایک کیری ڈبے پر کام کرتے کارکن اس ماڈل کی آخری گاڑی کو تیار کر رہے تھے اور اس گاڑی کا چیسز نمبر بتاتے ہوئے اسے خیرباد کہہ رہے تھے۔
واضح رہے کہ تین سال قبل سال 2021 میں سوزوکی بولان کے مستقبل کے بارے میں اس وقت شکوک و شبہات پیدا ہوگئے تھے جب لاہور ہائی کورٹ کے فیصلے کے بعد انجینیئرنگ ڈویلپمنٹ بورڈ نے یہ ہدایت کی تھی کہ تمام کار کمپنیاں ایئر بیگز کے ساتھ گاڑیاں اسمبل کریں۔
اس فیصلے کے بعد یہ توقع کی جا رہی تھی کہ کمپنی اس ماڈل کو بند کر دے گی، تاہم سوزوکی نے اس وقت ان افواہوں کی تردید کی تھی۔
سوزوکی ایوری کے فیچرز اور فیول ایوریج کیا ہے؟
اب سوزوکی کی جانب سے پاکستان میں بولان کی جگہ ’ایوری ‘ لانچ کی جا رہی ہے۔
سوزوکی بولان کے مقابلے میں ایوری نمایاں طور پر زیادہ جدید اور مضبوط گاڑی معلوم ہوتی ہے۔
گاری کے اندرونی حصے میں جدید فیچرز سے لیس ہائی ماونٹڈ ڈیش بورڈ موجود ہوتا ہے۔
اب تک پاکستان میں جتنی بھی سوزوکی ایوری گاڑیاں دستیاب ہیں وہ جاپان کی مینوفیکچرڈ اور امپورٹ ہیں۔ اور جاپان کی مختلف گاڑیوں کی طرح سوزوکی ایوری میں بین الاقوامی معیار کے فیچرز جیسے کہ کلائمیٹ کنٹرول، اے بی ایس، پاور سٹیئرنگ شامل ہوتے ہیں۔
جاپانی سوزوکی ایوری کا انجن 660 سی سی ہوتا ہےجو 49 ہارس پاور اور 62Nm کا ٹارک پیدا کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ یہ بنیادی طور پر شہر کی ڈرائیونگ اور لائٹ ڈیوٹی کے کاموں کے لیے ڈیزائن کیا گیا ہے۔