صاف توانائی کی پیداوار میں سعودی عرب پرعزم: شہزادہ عبدالعزیز بن سلمان
صاف توانائی کی پیداوار میں سعودی عرب پرعزم: شہزادہ عبدالعزیز بن سلمان
ہفتہ 5 اکتوبر 2024 19:51
راس الخیرانڈسٹریل سٹی میں ہائیڈروجن کی پیداوار کا مرکز قائم ہوگا ( فوٹو: ایس پی اے)
سعودی وزیر توانائی شہزادہ عبدالعزیز بن سلمان نے کہا ہے کہ’ کاربن ٹیکنالوجی میں سعودی عرب کا کردار مثالی ہے۔ موسمیاتی تبدیلیوں دنیا کے لیے بڑا چیلنج ہے جس کے لیے کی جانے والی کوششوں میں توازان رکھنا اہم ہے‘۔
سعودی خبررساں ایجنسی ’ایس پی اے‘ کے مطابق برازیل میں گروپ 20 ممالک کے تحت توانائی کی منتقلی اور صاف توانائی کے حوالے سے وزارتی اجلاس میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سرکلر کاربن ٹیکنالوجیز کے استعمال اور صاف توانائی کی پیداوار میں سعودی عرب پرعزم ہے۔
انہوں نے تجدد پذیر توانائی کے حصول کے لیے سعودی عرب کی جانب سے کی جانے والی کوششوں کو اجاگرکرتے ہوئے کہا کہ ’اس میدان میں مملکت کی کوششیں تیزی سے جاری ہیں سال رواں کے اختتام تک 44 گیگا واٹ صاف توانائی پیدا کرنے میں کامیاب ہو جائیں گے‘۔
شہزادہ عبدالعزیز بن سلمان نے بتایا ’راس الخیرانڈسٹریل سٹی میں ہائیڈروجن کی پیداوار کا مرکز قائم کیا جارہا ہے‘۔
اس کے علاوہ کاربن کے ذخیرہ کرنے کا عظیم الشان منصوبہ بھی جاری ہے جس کی پیداواری صلاحیت سال 2027 تک 90 لاکھ ٹن سالانہ تک ہو گی۔