ویمنز ٹی20 ورلڈ کپ: انڈیا نے پاکستان کو 6 وکٹوں سے شکست دے دی
اتوار 6 اکتوبر 2024 16:22
گرین شرٹس مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر صرف 105 رنز ہی بنا سکیں۔ (فوٹو: اے ایف پی)
آئی سی سی ویمنز ٹی20 ورلڈ کپ کے ساتویں میچ میں انڈیا نے روایتی حریف پاکستان کو 6 وکٹوں سے شکست دے دی۔
اتوار کو دبئی میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان کی جانب سے دیے گئے 106 رنز کے ہدف کو انڈیا نے 18.5 اوورز میں چار وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔
انڈیا کی جانب سے شفالی ورما نے 32، ہرمن پریت کور نے 29 اور جمائمہ روڈریگز نے 23 رنز بنائے۔
پاکستان کی جانب سے فاطمہ ثنا نے دو جبکہ سعدیہ اقبال اور عمائمہ سہیل نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
اس سے قبل پاکستان ویمنز ٹیم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا جس کے بعد گرین شرٹس مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر صرف 105 رنز ہی بنا سکیں۔
پاکستان کی جانب سے ندا ڈار نے 28، منیبہ علی نے 17 اور سیدہ عروب شاہ نے 14 رنز بنائے۔
انڈیا کی طرف سے ارون دھاتی ریڈی نے تین، شریانکا پاٹیل نے دو جبکہ رینوکا سنگھ نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
یہ دونوں ٹیموں کا ایونٹ میں دوسرا میچ تھا۔
اس سے قبل پاکستان نے سری لنکا کو اپنے پہلے میچ میں شکست دی تھی جبکہ انڈیا کو اپنے پہلے میچ میں نیوزی لینڈ کے ہاتھوں ہار کا سامنا کرنا پڑا۔
خیال رہے کہ آئی سی سی ویمنز ٹی20 ورلڈ کپ 3 اکتوبر سے 20 اکتوبر تک یو اے ای میں جاری ہے۔