Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مسجد الحرام میں معمر اور معذور افراد کےلیے کیا سہولتیں ہیں؟

زم زم پلانے والے کارکنان بھی اپنی خدمات انجام دیتے ہیں۔ (فوٹو الحرمین ایکس اکاؤنٹ)
مسجد الحرام  اور مسجد نبوی امور کی دیکھ بھال کے لیے قائم جنرل اتھارٹی کا کہنا ہے مسجد الحرام مکہ مکرمہ میں بزرگوں کو محفوظ، آرام دہ ماحول اور ان کی دیکھ بھال کے لیے مختلف خدمات انجام دی جاتی ہیں۔
عاجل ویب  کے مطابق اتھارٹی کا کہنا ہے ان میں ٹرانسپورٹیشن کی خدمات بھی ہیں جو بزرگ اور معذوروں کے لیے خاص ہیں۔ 
معمر اور معذور افراد کے لیے الیکٹرانک  گاڑیاں فراہم کی گئی ہیں جن کے ذریعے وہ طواف، سعی آسانی سے کر سکتے ہیں۔ اسی طرح ویل چیئرز بھی ہیں جو معمر اور معذور افراد مسجد الحرام میں استعمال کر سکتے ہیں۔

 ویل چیئر کے لیے مدد گار بھی چوبیس گھنٹے دستیاب ہوتے ہیں۔ (فوٹو الحرمین ایکس اکاؤنٹ)

 ویل چیئر چلانے والے کی مدد بھی حاصل کی جاسکتی ہے جو 24 گھنٹے صفا و مروہ میں موجود ہوتے ہیں۔ مسجد الحرام میں ان سہولتوں کے حصول کے لیے خاص گیٹ مختص ہیں جہاں سے الیکٹرک گاڑیاں، ویل چیئرز اور مدد گار حاصل کیے جاسکتے ہیں۔
 ویل چیئرز اور گاڑیاں غزہ پل سے السلام بیسمنٹ کے مشرقی چوک میں دستیاب ہیں۔ جنرل اتھارٹی نے بزرگ اور معذور افراد کے لیے صفا اور مروہ میں بھی سعی کرنے کے لیے الیکٹرک گاڑیاں مختص کی ہیں اور انہیں وہاں سے حاصل کیا جاسکتا ہے۔
 شاہ فہد توسیع والے حصے میں بزرگوں اور معذور افراد کے لیے نماز کی جگہیں مختص کی ہیں۔ یہ پہلی منزل کے گیٹ نمبر (91 اور 64) کے سامنے واقع ہے۔ یہاں معذور افراد اور معمر افراد جو ویل چیئر پر ہوتے ہیں خصوصی نشانات بھی لگائے گئے ہیں تاکہ وہ آسانی سے نماز اور عبادت کرسکیں۔
علاوہ ازیں 68 سے 90 نمبر گیٹ پر اس حوالے سے خصوصی نشانات بھی لگائے گئے ہیں تاکہ ویل چیئر والے افراد کو آسانی ہو۔ اسی طرح مسجد الحرام میں  لفٹس اور ایلیویٹرز بھی نصب ہیں۔

معذور اور معمر افراد کے لیے لفٹ اور ایلیویٹرز کی سہولت ہے۔ (فوٹو الحرمین ایکس اکاؤنٹ)

اتھارٹی نے بزرگوں اور زمین پر نہ بیٹھ سکنے والے افراد کے لیے مسجد الحرام میں جگہ جگہ سادہ کرسیاں بھی رکھیں ہیں تاکہ وہ قرآن پاک اور نماز و نوافل کی ادائیگی آسانی سے کرسکیں۔
اسی طرح کمزور بینائی والے افراد کے لیے بڑے سائز والے قرآن مجید بھی رکھے گئے ہیں۔ اس کے علاوہ بزرگوں اور معذور افراد کے لیے زم زم کے چھوٹے اور بڑے کولرز بھی رکھے گئے ہیں تاکہ وہ آسانی سے زم زم حاصل کرسکیں۔
 اتھارٹی کی جانب سے وقتا فوقتا زم زم کی بوتلیں فراہم کی جاتی ہیں جبکہ زم زم پلانے والے کارکنان بھی وقفے وقفے سے  یہاں موجود افراد کو اپنی خدمات پیش کرتے ہیں۔
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے اردو نیوز گروپ جوائن کریں

شیئر: