امارات میں عرب ملازم کا خاتون ساتھی کے گال کو چھونا مہنگا پڑ گیا
مجرمانہ عمل ثابت ہونے پر 10 ہزار درہم جرمانہ عائد کیا گیا ( فوٹو: امارات الیوم)
امارات میں عرب ملک سے تعلق رکھنے والے ایک کارکن کو اپنی خاتون ساتھی کے گال کو چھونا مہنگا پڑ گیا۔
عدالت نے مجرمانہ عمل ثابت ہونے پر 10 ہزار درہم جرمانہ عائد کردیا۔
امارات الیوم کے مطابق دبئی کی سول کورٹ میں ایک خاتون نے اپنے کارکن ساتھی کے خلاف مقدمہ دائر کیا جس میں دعوی کیا گیا تھا کہ’ کام کے دوران جب دیگرلوگ وہاں نہیں تھے ایک کارکن میرے پاس آیا اور میرے گالوں پر دس سیکنڈ تک ہاتھ رکھے رہا‘۔
خاتون کا کہنا تھا ’ یہ حرکت وہم و گمان میں بھی نہیں تھی جس کی وجہ سے میری حالت غیرہوگئی اور میرا کام شدید متاثر ہوا‘۔
اس واقعے کی اطلاع انتظامیہ کو دی جنہوں نے کارکن کو طلب کیا اور وجہ دریافت کی تو وہ فوری طور پر اپنے موقف سے پھر گیا اور کہا میں اسے عام بات سمجھا ،یہ تو میری بیٹی کی عمر کی ہے۔
خاتون نے عدالت سے مطالبہ کیا ’ اس کی نفسیاتی حالت کی خرابی کی وجہ سے 51 ہزار درھم ہرجانہ ادا کرایا جائے‘۔
علاوہ ازیں قانونی کارروائی کے جملہ اخراجات کی ادائیگی اور جب تک ہرجانہ ادا نہ کیا جائے اس رقم پر 5 فیصد سود بھی دیا جائے۔
ابتدائی عدالت نے جرم ثابت ہونے پر 2 ہزار درھم ہرجانہ ادا کرنے کے حکم کے ساتھ اسے فیصلے کے خلاف اپیل دائر کرنے کا اختیار بھی دیا۔
ابتدائی عدالتی فیصلےکے خلاف اپیل دائر کی جس میں کہا گیا کہ ہرجانے کی رقم درست نہیں۔
متعلقہ فوجداری عدالت نے ابتدائی حکم کو رد کرتے ہوئے دعوے کو تسلیم کیا جس میں کہا گیا کہ اس عمل سے خاتون کی حیا متاثر ہوئی اور وہ نفسیاتی دباو کا شکار ہو گئی۔
عدالت نے غیرملکی کارکن کو 10 ہزار درھم جرمانے کی سزا کا حکم سنا دیا۔