Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

امارات: ٹرک ڈرائیور کو واٹس اپ گروپ میں گالی دینا مہنگا پڑ گیا

عدالت نے وکیل کے محنتانے اور دیگر اخراجات کی ادائیگی کا حکم دیا۔ (فوٹو الامارات الیوم)
راس الخیمہ میں واٹس اپ گروپ میں شامل ٹرک ڈرائیور کا اپنے ساتھی کو گالی دینا مہنگا پڑ گیا۔ 
الامارات الیوم اخبار کے مطابق متاثرہ ٹرک ڈرائیور نے راس الخیمہ کی عدالت میں اپنے ساتھی کے خلاف شکایت درج کرائی ہے۔
ٹرک ڈرائیور کا کہنا ہے کہ وہ ایک واٹس اپ گروپ میں شامل ہیں جو 250 ٹرک ڈرائیوروں پر مشتمل ہے۔
ڈرائیور کا مزید کہنا تھا کہ واٹس اپ گروپ میں ایک ڈرائیور نے وائس میسج کے ذریعے اسے گالی دی ہے جس سے  ذہنی اذیت پہنچی لہذا مجھے ہرجانہ دلایا جائے۔
راس الخیمہ کی پبلک پراسیکیوشن نے مدعا علیہ کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے اس پر ٹرک ڈرائیور کی ذاتی زندگی میں دخل اندازی کا الزام عائد کیا۔
 پہلے پرائمری کورٹ اور اس کے بعد اپیل کورٹ نے مدعا علیہ کو حکم دیا کہ وہ ٹرک ڈرائیور کو ہرجانے کے طور پر 14 ہزار درہم ادا کرے۔
عدالت نے اپنے فیصلے میں کہا کہ فیصلے کے اجرا کی تاریخ سے ادائیگی کی تاریخ تک سالانہ کے لحاظ سے 9 فیصد منافع بھی ادا کرے۔ 
عدالت نے مدعا علیہ کو  وکیل کے محنتانے  اور دیگر اخراجات بھی ادا کرنے  کا حکم دیا۔
 
امارات کی خبروں کے لیے ”اردو نیوز یو اے ای“ گروپ جوائن کریں

شیئر: