Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

اعلیٰ سطح کا سعودی وفد 9 سے 11 اکتوبر کو پاکستان کا دورہ کرے گا: دفتر خارجہ

ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرہ بلوچ نے پیر کو سعودی وفد کے متوقع دورے کے بارے میں بتایا (فائل فوٹو: پاکستانی دفتر خارجہ)
سعودی عرب کے وزیر برائے سرمایہ کاری خالد عبدالعزیز الفالح 9 سے 11 اکتوبر تک ایک اعلیٰ سطح کے وفد کے ہمراہ پاکستان آئیں۔
پاکستان کے دفتر خارجہ کی ترجمان ممتاز زہرہ بلوچ نے پیر کو سعودی وفد کے دورے سے متعلق کہا کہ یہ دورہ دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ روابط اور معاشی شراکت داری کو فروغ دینے کا باعث بنے گا۔
حالیہ چند ماہ سے سعودی عرب اور پاکستان دوطرفہ تجارت کے فروغ اور سرمایہ کاری کے معاہدوں پر تیزی سے کام کر رہے ہیں۔
رواں برس کے آغاز میں سعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے پاکستان کے لیے پانچ ارب ڈالر کے سرمایہ کاری پیکیج کا اعلان بھی کیا تھا۔
پاکستان اپنے معاشی روابط کو بڑھانے کے لیے علاقائی شراکت داروں بالخصوص سعودی عرب اور اس کے خلیجی اتحادیوں کے ساتھ سرگرمی سے بات چیت کر رہا ہے۔
پاکستان کو زرمبادلہ کے ذخائر میں کمی، مہنگائی اور کرنسی کی قدر کی گراوٹ جیسے چینلجز کا سامنا ہے جس کی وجہ سے حکومت سرمایہ کاری کے مواقع تلاش کر رہے ہیں۔
پاکستانی دفتر خارجہ کی ترجمان ممتاز زہرہ بلوچ نے پریس بریفنگ کے دوران صحافیوں کا بتایا کہ ’9 سے 11 اکتوبر کے دوران سعودی عرب کے وزیر سرمایہ کاری خالد بن عبدالعزیز الفالح ایک اعلیٰ سطح کے وفد کے ساتھ پاکستان آ رہے ہیں۔‘
انہوں نے کہا کہ اس وفد میں سعودی عرب کی حکومت کے ارکان اور نجی شعبے کے افراد شامل ہوں گے اور وہ پاکستان کے صدر و وزیراعظم کے ساتھ ملاقاتیں کریں گے۔
ممتاز زہرہ بلوچ کا کہنا تھا کہ ’اس دورے کا مقصد باہمی شراکت داری اور فریقین کے لیے مفید معاشی تعاون کو فروغ دینا ہے۔‘

شیئر: