Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کیا شاؤمی کی الیکٹرک گاڑی ’ایس یو 7‘ پاکستان میں بھی اسمبل ہوگی؟

چین کی معروف سمارٹ فونز بنانے والی کمپنی شاؤمی نے موبائل فونز کے بعد الیکٹرک گاڑیوں کی صنعت میں بھی قدم جما لیے ہیں۔
شاؤمی نے اپنی پہلی الیکٹرک گاڑی ایس یو 7 اپریل 2024 میں متعارف کراوئی تھی جو حال ہی میں پاکستان کے شہر کراچی کی بندرگاہ پر دیکھی گئی ہے۔
شاؤمی پاکستان سٹور کی ویب سائٹ پر شائع ہونے والے ایک بلاگ میں یہ خبر سامنے آئی ہے کہ شاؤمی ممکنہ طور پر اپنی ایس یو 7 نامی الیکٹرک گاڑی پاکستان میں بھی لانچ کرنے والا ہے۔
پاکستان میں گاڑی کی موجودگی ظاہر ہونے کے بعد مختلف کانٹینٹ کریئٹرز کی جانب سے گاڑی پر بنائئی گئی ویڈیوز بھی وائرل ہیں جس کے بعد سوشل میڈیا پر افواہیں گردش کر رہی ہیں کہ پاکستان میں بھی یہ گاڑی لانچ ہونے جا رہی ہے۔
واضح رہے پاکسان میں شاؤمی اور ریڈ می جیسی کمپنیوں کے موبائل فونز کی ترسیل ایئرلنک نامی کمپنی کرتی ہے، اور شاؤمی کی الیکٹرک گاڑی کا پاکستان میں باضابطہ طور پر لانچ اسی کمپنی کی ہی ذمہ داری ہوگی۔
پاک ویلز کے مطابق ایئرلنک نے پاکستان میں دو شاؤمی ایس یو 7 گاڑیوں امپورٹ کی ہیں اور واضح کیا ہے کہ اس گاڑی کی پاکستان میں لوکل پیداوار شروع کرنا تاحال پلان کا حصہ نہیں ہے۔
شاؤمی ایس یو 7 کو امپورٹ کر کے ایئرلنک کمپنی پاکستانی مارکیٹ کا ردعمل دیکھنا چاہے گی اور لوکل اسمبلنگ کے لیے پلانٹس لگانے کا فیصلہ مستقبل میں کیا جائے گا۔


فوٹو: اے ایف پی 

واضح رہے ایئرلنک کمیونی کیشنز پاکستان کی سٹاک ایکسچینج میں ایئرلنک کے نام سے لسٹڈ ہے اور حال ہی میں کمپنی کے شیئر کی قیمت 2.5 روپے سے بڑھ کر 11.7 روپے ہو چکی ہے۔
ایئرلنک کو پاکستان میں سمارٹ فونز، ٹی وی اور دیگر الیکٹرانک مصنوعات بنانے کا تجربہ حاصل ہے اور اس وقت کمپنی پاکستانی موبائل فون مارکیٹ میں کافی مضبوط دکھائی دیتی ہے۔ الیکٹرک گاڑیوں کی ممکنہ سپلائی سے ناصرف ایئرلنک کو فائدہ ہوگا بلکہ یہ پاکستان کی اقتصادی ترقی کے لیے بھی اہم اقدام ثابت ہو سکتا ہے۔
پاکستان میں شاؤمی کی الیکٹرک گاڑی لانچ ہونے کے بعد کامیاب ہوتی ہے تو اگلا قدم یقینی طور پر اس گاڑی کی مقامی طور پر پیداوار کا ہو سکتا ہے جس سے گاڑی کو پاکستان سے ایکسپورٹ کر پانا بھی ممکن ہو پائے گا۔


فوٹو: اے ایف پی 

ایس یو 7 کے پاکستان میں لانچ کے حوالے سے شاؤمی یا ایئرلنک کے جانب سے تاحال کوئی حتمی اعلان سامنے نہیں آیا، تاہم کراچی میں جگہ جگہ اس گاڑی کے سائن بورڈز نصب ہونا اس بات کی طرف اشارہ ہے کہ جلد ہی کمپنی اپنے صارفین کے لیے کوئی نیا اعلان کرے گی۔
واضح رہے ایس یو 7 کا پاکستان میں لانچ امپورٹ کیے گئے ماڈلز پر مبنی ہوگا اور اس کی ترسیل کی ذمہ داری ایئر لنک کے ذمہ ہوگی۔
پاکستان ایسوسی ایشن آف آٹوموٹیو پارٹس اینڈ اسیسریزمینوفیکچررز(پاپام) کے سابق چیئرمین اور ڈائریکٹر مہران کمرشل مشہود علی خان کا اردو نیوز سے بات سے کرتے ہوئے کہنا تھا کہ پاکستان میں ای وی کا پلانٹ لگنا آٹو انڈسٹری کے لیے خوش آئند بات ہے، اس سے لوگوں کے روزگار کے مواقع بنیں گے۔
مشہود علی کا کہنا تھا کہ ’پاکستانی مارکیٹ میں کام کرنے والی گاڑیوں کی کمپنیوں کو اب مقامی ٹیکنالوجی کو اپ گریڈ کرنے کے لیے نئے کام کرنے والوں کو ساتھ ملانا ہوگا، پاکستان میں آٹو انڈسٹری کی بہتری کے لیے لوکلائزیشن کی طرف بڑھنا ہوگا‘۔
انہوں نے مزید کہا کہ ’امپورٹ پاکستان کے مسائل کا حل نہیں ہے، ہمیں اب ملک میں ناصرف گاڑیاں بنانی ہوں گی بلکہ ان کے پارٹس بھی ملک میں ہی تیار کرنے ہونگے۔ چین کا پاکستان کے ساتھ مثالی تعاون ہے، اس سے فائدہ اٹھاتے ہوئے پاکستان کو اپنی آٹو انڈسٹری کو مضبوط کرنا ہوگا‘۔

شاؤمی ایس یو 7 کے فیچرز اور قیمت 

چائنہ میں جہاں بی وائے ڈی اور ٹیسلا جیسی کمپنیوں نے الیکٹرک گاڑیوں  کی مارکیٹ میں تیزی کا رجحان برقرار رکھا ہوا ہے وہیں شاؤمی نے بھی اس سال بیجنگ میں اپنی پہلی الیکٹک گاڑی متعارف کروائی تھی۔

پاک ویلز کے مطابق ایس یو 7  ایک مکمل C-سگمنٹ لگژری سیڈان ہے جو پورش ٹائیکان اور آؤڈی ای ٹرون جی ٹی جیسی گاڑیوں کا مقابلہ کرتی ہے۔
ایس یو 7 شاؤمی کے بنائے گئے آپریٹنگ سسٹم ’شاؤمی ہائیپر او ایس‘ پر چلتی ہے، یہیں سسٹم شاؤمی کے موبائل فونز میں بھی موجود ہوتا ہے۔
سیلف ڈرائیونگ کی بات کی جائے تو اس گاڑی کے ٹاپ سپیکس والے ماڈل میں یہ فیچر بھی موجود ہے اور گاڑی ’این ویڈیا‘ کمپنی کی مصنوعی ذہانت پر مبنی ٹیکنالوجی کی مدد سے ڈرائیور کے بغیر بھی چل سکتی ہے۔
یہ گاڑی چھ رنگوں میں دستیاب ہے جن میں میٹیور بلیو (نیلا)، ریڈینٹ پرپل (جامنی)، بیسالٹ گرے (سرمئی)، لاوا اورنج (نارنجی)، پرل وائٹ (سفید)، ڈائمنڈ بلیک (سیاح) رنگ شامل ہیں۔


فوٹو: شاؤمی

گاڑی کے اندرونی حصے کے لیے چار رنگوں کے آپشن دستیاب ہیں جن میں گلیکسی گرے، ٹوائی لائٹ ریڈ، مسٹ پرپل، اور اوبسیڈین بلیک شامل ہیں۔


فوٹو: شاؤمی 

سپیڈ کی بات کی جائے تو شاؤمی کی ایس یو 7 صرف 10.67 سیکنڈ میں 200 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار تک پہنچ سکتی ہے۔ 0 سے 100 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار کو گاڑی 2.78 سیکنڈز میں حاصل کر سکتی ہے جبکہ اس کی ٹاپ سپیڈ 265 کلومیٹر فی گھنٹہ ہے۔


فوٹو: شاؤمی 

شاؤمی کے مطابق صرف 15 منٹ کی چارجنگ کے ساتھ، ایس یو 7 میکس (گاڑی کا ٹاپ ویرینٹ) 510 کلومیٹر تک کا سفر کر سکتا ہے جبکہ گاڑی کا بیس ویرینٹ 15 منٹ کی چارجنگ میں 350 کلومیٹر کا سفر کر سکتا ہے۔
فُل چارجنگ کے بعد ایس یو 7 کا بیس ویرینٹ 700 کلومیٹر جبکہ ٹاپ ویرینٹ (ایس یو 7 میکس) 810 کلومیٹر کی رینج مہیا کرتا ہے۔


فوٹو: شاؤمی 

گاڑی کے دونوں ویرینٹس میں شاؤمی کے پائلٹ آپشنز موجود ہیں جو 11 کیمروں کی مدد سے گاڑی کو سیلف ڈرائیو اور دیگر خصوصیات میں مدد دیتے ہیں۔ بیس ویرینٹ میں شاؤمی پائلٹ پرو جبکہ میکس ویرینٹ میں شاؤمی پائلٹ پرو میکس سسٹم نصب کیا گیا ہے۔


فوٹو: شاؤمی 

گاڑی میں مسافروں کی حفاظت کے لیے 7 ایئربیگز بھی دیے گئے ہیں۔
پاور کی بات کی جائے تو گاڑی 295 ہورس پاور اور 400 نیوٹن میٹر کا ٹارک پیدا کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔
ایس یو 7 نامی اس گاری کے بیس ماڈل کی قیمت 215,900 یوآن رکھی گئی تھی جو پاکستانی روپوں میں تقریباً 85 لاکھ 70 ہزار بنتے ہیں۔ پرو ویرینٹ کی قیمت 245،900 یوآن ہے جو 97 لاکھ 72 ہزار پاکستانی روپے بنتے ہیں، جبکہ پرو میکس ویرینٹ کی قیمت 299،900 یوآن ہے جو پاکستانی 1 اکروڑ 19 لاکھ روپے کے قریب بنتے ہیں۔

شیئر: