Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

فائنل ایگزٹ پر گئے گھریلو ملازمین کا متبادل ویزا بغیر فیس کیسے حاصل کریں؟

ایگزٹ پر جانے کے 90 دن کے اندر دوسرا ویزا اپلائی کرنا ہو گا۔(فائل فوٹو: عرب نیوز)
سعودی عرب میں گھریلو ملازمین کے نگران قومی مرکز ’مساند‘ نے ایگزٹ پر جانے والے گھریلو کارکن کے متبادل دوسرا ویزا جاری کرنے کے لیے  شرائط کا اعلان کیا ہے۔
سبق نیوز کے مطابق مملکت آنے والے گھریلو کارکنوں کے فائنل ایگزٹ پر جانے کے 90 دن کے اندر اندر دوسرا ویزا اپلائی کرنا ہو گا۔
مقررہ مدت ختم ہونے کے بعد ویزے کے اجرا کی کارروائی از سر نو کی جائے گی جس پر فیس بھی لاگو ہوگی۔
مساند پورٹل کی جانب سے گھریلو ملازمین کے لیے بغیر ویزا فیس کے دوسرا متبادل ویزا جاری کرانے کے لیے 5 شرائط عائد کی گئی ہیں۔
بغیر ویزا فیس کے نئے ویزے کی درخواست دینے سے قبل لازمی ہے کہ شرائط کو مدنظر رکھا جائے جن میں سے ایک بھی پوری نہ ہونے کی صورت میں معاملہ خارج کردیا جائے گا اور متبادل ویزہ تصور نہیں ہوگا۔
گھریلو کارکنوں کے لیے ویزے کی درخواست دینے سے قبل اس بات کی یقین دہانی کی جائے کہ مطلوبہ تعداد سے زیادہ ویزے جاری نہ کرائے گئے ہوں۔
ایسے گھریلو کارکن جن کو تجرباتی مدت (90 روز) کے دوران مملکت سے ایگزٹ کیاجائے اور وہ مملکت میں نہ ہوں اس صورت میں ایگزٹ پر گئے ہوئے کارکن کے متبادل کے طور پر دوسرا ویزا بغیر فیس کے جاری کرایا جاسکتا ہے۔
آجر کے ابشر سسٹم میں کارکن کا اسٹیٹس ’بیرون مملکت ‘ ہو اس پر ہروب وغیرہ رجسٹر نہ کیا گیا ہو۔
متبادل بغیر فیس کے جاری کیا جانے والا ویزہ پہلا (بنیادی ویزہ) ہو متبادل ( بدلے میں جاری کرایا گیا ویزا) نہ ہو۔
مساند پورٹل کا مزید کہنا تھا’ جس کیٹگری کے لیے متبادل ( بغیرفیس کے ) ویزے جاری کیے جائیں گے ان میں چوکیدار (حارس منزلی) خادمہ، گھریلو خادم، گھریلو ڈرائیور(سائق خاص) شامل ہیں‘۔

شیئر: