سعودی وفد کے ساتھ دو ارب ڈالر سے زائد کے معاہدوں پر دستخط ہوں گے: شہباز شریف
سعودی عرب اور پاکستان دوطرفہ تجارت کے فروغ اور سرمایہ کاری کے معاہدوں پر تیزی سے کام کر رہے ہیں (فائل فوٹو: عرب نیوز)
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ’پاکستان رواں ہفتے کے آخر میں سعودی عرب سے آنے والے وفد کے ساتھ دو ارب ڈالر سے زائد کے معاہدوں پر دستخط کرے گا۔‘
منگل کو وفاقی کابینہ کے اجلاس سے خطاب میں شہباز شریف نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ گذشتہ ہفتے ہونے والے ان کے مظاہروں کا مقصد ملک کے موجودہ اقتصادی فوائد کو نقصان پہنچانا تھا۔
انہوں نے مزید کہا کہ ’اب جبکہ سعودی وفد پاکستان آرہا ہے اور ہم ان کے ساتھ دو ارب ڈالر سے زائد کے معاہدوں یا ایم او یوز پر دستخط کرنے والے ہیں، ان تمام کوششوں کو سبوتاژ کرنا ملک کے خلاف سب سے بڑی دشمنی ہے۔‘
’ہم کسی صورت ایسا ہونے نہیں دیں گے اور میں 15-2014 والی سازش دوبارہ نہیں ہونے دوں گا۔ ہم اسے برداشت نہیں کریں گے اور کسی بھی صورت میں اس کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ یہ میرا قوم سے وعدہ ہے میں یہ نہیں ہونے دوں گا۔‘
خیال رہے کہ سعودی عرب کے وزیر سرمایہ کاری خالد عبدالعزیز الفالح 9 سے 11 اکتوبر تک ایک اعلٰی سطح کے وفد کے ہمراہ پاکستان کے دورے پر آئیں گے۔
پاکستانی دفتر خارجہ کی ترجمان ممتاز زہرا بلوچ نے پیر کو سعودی وفد کے دورے سے متعلق کہا کہ ’یہ دورہ دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ روابط اور معاشی شراکت داری کو فروغ دینے کا باعث بنے گا۔‘
حالیہ چند ماہ کے دوران سعودی عرب اور پاکستان دوطرفہ تجارت کے فروغ اور سرمایہ کاری کے معاہدوں پر تیزی سے کام کر رہے ہیں۔
رواں برس کے آغاز میں سعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے پاکستان کے لیے پانچ ارب ڈالر کے سرمایہ کاری پیکج کا اعلان بھی کیا تھا۔
پاکستان اپنے معاشی روابط کو بڑھانے کے لیے علاقائی شراکت داروں بالخصوص سعودی عرب اور اس کے خلیجی اتحادیوں کے ساتھ سرگرمی سے بات چیت کر رہا ہے۔