Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

دو ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کے معاہدے، سعودی وفد آج پاکستان پہنچے گا

سعودی وفد 9 سے 11 اکتوبر تک پاکستان میں قیام کرے گا۔ فوٹو: اے ایف پی
سعودی وزیر برائے سرمایہ کاری خالد بن عبدالعزیز الفالح کی قیادت میں ایک اعلٰی سطح کا وفد آج پاکستان پہنچ رہا ہے۔
تین روزہ ورے کے دوران 2 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کے منصوبوں کو حتمی شکل دیے جانے کا امکان ہے۔
پاکستان کے وزارت خارجہ کے مطابق سعودی وفد 9 سے 11 اکتوبر تک پاکستان میں قیام کرے گا۔ 
سعودی وفد کے دورہ پاکستان کے حوالے سے وزیراعظم شہباز شریف نے کابینہ کے اجلاس سے خطاب میں کہا تھا کہ 2 ارب ڈالر کے سرمایہ کاری کے معاہدے طے پائے جانے کا امکان ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ’اب جبکہ سعودی وفد پاکستان آرہا ہے اور ہم ان کے ساتھ دو ارب ڈالر سے زائد کے معاہدوں یا ایم او یوز پر دستخط کرنے والے ہیں، ان تمام کوششوں کو سبوتاژ کرنا ملک کے خلاف سب سے بڑی دشمنی ہے۔‘
’ہم کسی صورت ایسا ہونے نہیں دیں گے اور میں 15-2014 والی سازش دوبارہ نہیں ہونے دوں گا۔ ہم اسے برداشت نہیں کریں گے اور کسی بھی صورت میں اس کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ یہ میرا قوم سے وعدہ ہے میں یہ نہیں ہونے دوں گا۔‘
دوسری جانب اسلام آباد میں ایک تقریب سے خطاب میں نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے کہا کہ سعودی وزیر بزنس ٹو بزنس سے متعلق سرمایہ کاری  کے منصوبوں کو حتمی شکل دیں گے جن کی مالیت 2 ارب ڈالر سے تجاوز کر سکتی ہے۔
حالیہ چند ماہ کے دوران سعودی عرب اور پاکستان دوطرفہ تجارت کے فروغ اور سرمایہ کاری کے معاہدوں پر تیزی سے کام کر رہے ہیں۔
رواں برس کے آغاز میں سعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے پاکستان کے لیے پانچ ارب ڈالر کے سرمایہ کاری پیکج کا اعلان بھی کیا تھا۔
پاکستان طویل معاشی بحران سے نکلنے کی غرض کے لیے اپنے علاقائی اتحادیوں کے ساتھ تجارت، دفاع، توانائی اور اور دیگر شعبوں میں شراکت داری کا خواہاں ہے۔

شیئر: