Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی عرب اور پاکستان کے درمیان مفاہمت کی 27 یادداشتوں پر دستخط

وزیراعظم نے کہا کہ ’سعودی عرب کی سرمایہ کاری کا خیرمقدم کرتے ہیں۔‘ (فوٹو: سکرین گریب)
پاکستان اور سعودی عرب نے توانائی، زراعت، کان کنی، انسانی وسائل اور سائبر سیکورٹی سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کے لیے  2.2 ارب ڈالر مالیت کی 27 مفاہمت کی یادداشتوں پر دستخط کیے ہیں
جمعرات کی رات اسلام آباد میں منعقدہ تقریب میں مفاہمت کی ان  یادداشتوں پر دستخط کر دیے گئے ہیں۔

اس موقع پروزیراعظم شہباز شریف، سعودی عرب کے وزیر برائے سرمایہ کاری خالد بن عبدالعزیز الفالح اور آرمی چیف جنرل سید عاصم منیربھی موجود تھے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ  پاکستان اور سعودی عرب کے  درمیان زراعت، انفارمیشن ٹیکنالوجی، معدنیات، بجلی سمیت مختلف اہم شعبوں میں تعاون کے کئی معاہدوں اور مفاہمت کی یادداشتوں پر دستخط کیے گئے جن کی مجموعی مالیت 2.2 ارب ڈالر ہے۔
’اس کا خیرمقدم کرتے ہیں، یہ پاکستانی عوام سے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی محبت کی عکاس ہے۔ ان معاہدوں سے دونوں ممالک کے درمیان مزید تعاون کو فروغ ملے گا، ہم ان معاہدوں پر تیزی سے عملدرآمد اور مفاہمت کی یادداشتوں کو معاہدوں میں تبدیلی کے لیے پرعزم ہیں۔‘
انہوں نے کہاکہ سعودی عرب کی قیادت سعودی معیشت کی ترقی کیلئے بھرپور اقدامات کر رہی ہے، ہم دوطرفہ تجارت اور سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے بھرپور کوشش کریں گے۔
’وقت کے ساتھ دونوں ممالک کے درمیان شراکت داری مزید مستحکم ہوگی، ہم آپ کی امیدوں پر پورا اتریں گے۔ انہوں نے کہاکہ ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے ہمیشہ پاکستان کی غیر متزلزل حمایت کی، حال میں ہم نے آئی ایم ایف کے ساتھ  پروگرام کامیابی سے مکمل کیا اور امید ہے یہ آخری پروگرام ہوگا۔‘

وزیراعظم نے کہا کہ سعودی وزیر سرمایہ کاری کی سربراہی میں سعودی وفد کا پاکستان کا دورہ اہمیت کا حامل ہے۔ (وزیراعظم آفس)

دونوں ممالک کےمابین سائبر سکیورٹی کے حوالے سے تعاون، ہنرمند افرادی قوت کے حوالے سے یادداشتوں پر دستخط کیے گئے۔
وزیراعظم نے  کہا کہ ’سعودی وفد کو دل کی گہرائیوں سے خوش آمدید کہتا ہوں، سعودی وفد ایک گھر سے دوسرے گھر میں آیا ہے۔‘
وزیراعظم نے کہا کہ سعودی وزیر سرمایہ کاری کی سربراہی میں سعودی وفد کا پاکستان کا دورہ اہمیت کا حامل ہے۔ سعودی عرب کے ساتھ تعاون کے معاہدے نئی پیش رفت ہے۔
شہباز شریف نے کہا کہ ’سعودی عرب نے ہر مشکل وقت میں پاکستان کا ساتھ دیا ہے۔ وقت کے ساتھ دونوں ملکوں کی شراکت داری مزید مستحکم ہو گی۔‘
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ’دونوں ملکوں کے درمیان اقتصادی روابط اور تعاون مزید بڑھے گا۔ معاہدوں پر عملدرآمد کے لیے تمام اقدامات یقینی بنائیں گے۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ آئی ایم ایف پروگرام کے لیے سعودی عرب، چین اور متحدہ عرب امارات کے شکرگزار ہیں۔

شیئر: