Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کملا ہیرس کی صحت ’بہترین‘، صدارتی فرائض نبھانے کی اہل ہیں: ذاتی معالج

ڈاکٹر جوشوا سیمنز نے خط میں لکھا کہ کملا ہیرس صحت مند اور فعال طرزِ زندگی رکھتی ہیں (فوٹو: اے ایف پی)
امریکہ کی نائب صدر کملا ہیرس کے ڈاکٹر کا کہنا ہے کہ اُن کی صحت ’بہترین‘ ہے اور وہ صدارت کے فرائض کامیابی سے انجام دے سکتی ہیں۔
خبر رساں ایجنسی ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق امریکی نائب صدر کے معالج ڈاکٹر جوشوا سیمنز نے سنیچر کو خط جاری کیا ہے جس میں انہوں نے کملا ہیرس کی میڈیکل ہسٹری اور ان کی صحت کے حوالے سے آگاہ کیا ہے۔
ڈاکٹر جوشوا سیمنز نے خط میں لکھا کہ 59 سالہ کملا ہیرس ایک صحت مند اور فعال طرزِ زندگی رکھتی ہیں اور گزشتہ اپریل میں ان کی صحت میں کچھ بھی ’غیرمعمولی‘ نہیں تھا۔
دو صفحات پر مشتمل خط میں کہا گیا ہے کہ وہ صدارتی عہدے کی ذمے داریاں کامیابی سے سر انجام دینے کے لیے درکار ذہنی اور جسمانی اہلیت رکھتی ہیں۔ ان ذمہ داریوں میں چیف ایگزیکٹو، ہیڈ آف سٹیٹ اور کمانڈر ان چیف کے فرائض بھی شامل ہیں۔
امریکی نائب صدر کی انتخابی مہم کی ٹیم کے ایک رُکن نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ انہیں اُمید ہے کہ کملا ہیرس کی میڈیکل رپورٹ کے اجرا سے اُن کا ریپبلکن اُمیدوار ڈونلڈ ٹرمپ کے ساتھ موازنہ ہو گا۔
انہوں نے کہا کہ سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے حالیہ برسوں میں اپنی صحت کے بارے میں محدود معلومات ہی جاری کی تھیں جس کے بعد صدارتی منصب سنبھالنے کے لیے اُن کی فٹنس پر سوال اُٹھائے جا رہے ہیں۔
ڈونلڈ ٹرمپ کی انتخابی مہم کے ترجمان سٹیون چیونگ کا کہنا ہے کہ سابق صدر نے رضاکارانہ طور پر اپنے ذاتی معالج کی تازہ ترین معلومات کے ساتھ ساتھ میڈیکل ریپ رونی جیکسن کی تفصیلی رپورٹس جاری کی ہیں جو کانگریس میں منتخب ہونے سے پہلے وائٹ ہاؤس میں اُن کے معالج تھے۔
رونی جیکسن نے قاتلانہ حملے کے بعد ڈونلڈ ٹرمپ کا علاج بھی کیا تھا۔
انہوں نے ایک بیان میں کہا کہ ’سب نے یہ نتیجہ اخذ کیا ہے کہ وہ (ڈونلڈ ٹرمپ) کمانڈر ان چیف بننے کے لیے ’پرفیکٹ‘ صحت میں ہیں۔‘
اگر سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ جن کی عمر 78 ہے، آئندہ ماہ منتخب ہو جاتے ہیں تو وہ 2029 میں اپنی مدّتِ ملازمت ختم ہونے تک امریکی تاریخ کے معمر ترین صدر ہوں گے۔

اگر ڈونلڈ ٹرمپ منتخب ہوگئے تو وہ اپنی مدّتِ ملازمت ختم ہونے تک امریکی تاریخ کے معمر ترین صدر ہوں گے (فوٹو: اے ایف پی)

کملا ہیریس نے شمالی کیرولائنا کا سفر کرنے سے پہلے سنیچر کو نامہ نگاروں کو بتایا کہ ’یہ بات میرے لیے بالکل واضح ہے کہ وہ (ڈونلڈ ٹرمپ) اور ان کی ٹیم نہیں چاہتی کہ امریکی عوام واقعی یہ دیکھیں کہ وہ کیا کر رہے ہیں اور یہ کہ کیا وہ صدر بننے کے لیے فٹ ہیں۔‘
اس سوال کے جواب میں کہ کیا وہ سمجھتی ہیں کہ ڈونلڈ ٹرمپ کی ذہنی تندرستی میں کمی آئی ہے، کملا ہیریس نے کہا کہ ’میں عوام کو دعوت دیتی ہوں کہ وہ ان کی ریلیاں دیکھیں اور فیصلہ ساز بنیں۔‘
امریکی فوج کے کرنل اور نائب صدر کے معالج ڈاکٹر جوشوا سیمنز کے مطابق وہ ساڑھے تین برس سے کملا ہیرس کے ذاتی معالج ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ نائب صدر کو الرجیز جن میں سکن الرجی اور چھپاکی بھی شامل ہیں، کی شکایت رہی ہے جس کے لیے وہ تین برس سے الرجین امیونو تھراپی پر ہیں۔
ڈاکٹر جوشوا سیمنز نے مزید بتایا کہ کملا ہیرس کے بلڈ ٹیسٹ اور دیگر ٹیسٹ نارمل ہیں۔

شیئر: