انڈین میوزک کمپوزر اے آر رحمان کی کملا ہیرس کی حمایت میں 30 منٹ کی پرفارمنس
ہفتہ 12 اکتوبر 2024 10:53
اے آر رحمان پہلے بین الاقوامی آرٹسٹ ہیں جو جنوبی ایشیا سے کملا ہیرس کی حمایت کر رہے ہیں۔ (فوٹو: پی ٹی آئی)
ایوارڈ یافتہ انڈین میوزک کمپوزر اے آر رحمان نے امریکی انتخابات سے قبل صدارتی امیدوار کملا ہیرس کی حمایت میں 30 منٹ کی میوزک پرفارمنس ریکارڈ کروائی ہے جو آئندہ روز اتوار کو یوٹیوب پرریلیز ہوگی۔
انڈین این ڈی ٹی وی کے مطابق 57 سالہ اے آر رحمان جنوبی ایشیا سے پہلے بین الاقوامی آرٹسٹ ہیں جو کملا ہیرس کی حمایت کر رہے ہیں۔
کملا ہیرس کی پیدائش کیلی فورنیا کے شہر آکلینڈ میں دو تارکینِ وطن والدین کے ہاں ہوئی تھیں۔ ان کی والدہ کا تعلق جنوبی انڈیا کے شہر چینئی اور والد کا تعلق جمیکا سے تھا۔
ایشین امریکن اینڈ پیسیفک آئی لینڈرز (اے اے پی آئی) وکٹری فنڈ کے چیئر پرسن شیکر نریسمن نے کہا ہے کہ ’اس پرفارمنس کے ساتھ، اے آر رحمان نے اپنی آواز کو رہنماؤں اور فنکاروں کے ایک گروپ میں شامل کر لیا ہے جو امریکہ کی ترقی اور نمائندگی کے لیے کھڑے ہیں۔‘
اے اے پی آئی وکٹری فنڈ ایک سیاسی کمیٹی ہے جو اہل ووٹروں کی حوصلہ افزائی اور انہیں متحرک کرنے کی کوشش کرتی ہے تاکہ ملک کے مستقبل میں اپنا حصہ ڈال سکیں۔
امریکی صدارتی مہم کے لیے اے آر رحمان کی خصوصی ویڈیو کا اعلان کرنے کے بعد شیکر نریسمن نے یہ بھی کہا کہ ’یہ صرف ایک میوزیکل پروگرام نہیں بلکہ اس کا مقصد ہماری کمیونٹیز کا انتخابات میں حصہ لینا اور مستقبل کے لیے ووٹ ڈالنا ہے۔‘
اے اے پی آئی فنڈ کے مطابق کملا ہیرس کے لیے انڈین لیجنڈ کی توثیق سے معلوم ہوتا ہے کہ ان انتخابات میں ایشیائی امریکی اور مقامی ووٹرز اہمیت رکھتے ہیں۔
اے آر رحمان کی اس ویڈیو کا ٹیزر جاری کر دیا گیا ہے۔
ایک پریس ریلیز کے مطابق، شو میں اے آر رحمان کے چند مشہور گانے بھی پیش کیے جائیں گے۔ یہ شو اے اے پی آئی فنڈ کے یوٹیوب چینل پر 13 اکتوبر کو براڈکاسٹ ہو گا۔