سعودی اور قطری خبر رساں ایجنسیوں کے درمیان تعاون کا معاہدہ
سعودی اور قطری خبر رساں ایجنسیوں کے درمیان تعاون کا معاہدہ
اتوار 13 اکتوبر 2024 19:33
سعودی وزیر اطلاعات نے دوحہ میں قطری وزیراعظم و وزیرخارجہ سے ملاقات کی ہے( فوٹو: ایس پی اے)
سعودی وزیر اطلاعات سلمان بن یوسف الدوسری نے اتوار کو دوحہ میں قطری وزیر اعظم و وزیر خارجہ شیخ محمد عبدالرحمن بن جاسم آل ثانی سے ملاقات کی ہے۔
ایس پی اے کے مطابق اس موقع پر قطری میڈیا کارپوریشن کے چیئرمین شیخ حمد بن ثامر آل ثانی اور سعودی سفیر شہزادہ منصور بن خالد بن فرحان بھی موجود تھے۔
ملاقات میں دونوں ملکوں کے درمیان تعاون کے تعلقات اور ان کی سپورٹ میں اضافے کے طریقوں خصوصا مشترکہ میڈیا کے شعبے میں تعاون کو فروغ دینے کا جائزہ لیا گیا۔
ملاقات میں میڈیا کے شعبے میں تعاون کو فروغ دینے کا جائزہ لیا گیا۔( فوٹو: ایس پی اے)
سعودی وزیر اطلاعات اور قطر میڈیا کارپوریشن کےچیئرمین کی موجودگی میں سعودی نیوز ایجنسی( ایس پی اے) کے قائم مقام سربراہ علی بن عبداللہ الزید اور قطر نیوز ایجنسی (قنا) کے ڈائریکٹر جنرل احمد بن سعید الرمیحی نے ایس پی اے اور قنا کے درمیان تعاون اور خبروں کے تبادلے کے معاہدے کے ایگزیکٹیو فریم ورک پر دستخط کیے۔
اس معاہدے کا مقصد ایڈیٹنگ اور فوٹو گرافی کے شعبوں میں تربیتی پروگرام ، اس کے علاوہ جدید ٹیکنالوجی اور مصنوعی ذہانت کے استعمال سے خبروں کا مواد تیار کرنا، تجربات کا تبادلہ اور علم کی منتقلی، دونوں ملکوں کی قومی کامیابیوں اور ایونٹس کے حوالے سے خبروں اور فوٹو گرافی کا مواد تیار کرنا ہے۔