امارات میں رہائشی قوانین کی خلاف ورزی، بچوں کےلیے نئی سہولت کیا ہے؟
ماں ملازمت کر رہی ہو اور ان کا سٹیٹس قانونی ہونا چاہیے۔ (فائل فوٹو)
امارات میں بچوں سے متعلق رہائشی قوانین کی خلاف ورزیوں کو باقاعدہ بنانے کے طریقہ کار میں ترمیم کا اعلان کیا ہے۔
اماراتی فیڈریشن آف امیگریشن کا کہنا ہے امارات میں رہائشی قوانین کی خلاف ورزی پر ملک چھوڑنے والے تارکین اپنے بچوں کی رہائشی کفالت ماں کو منتقل کرسکتے ہیں بشرطیکہ وہ ملازمت کر رہی ہو اور ان کا سٹیٹس قانونی ہونا چاہیے۔
غیرقانونی تارکین کے لیے دی گئی مہلت میں ایسے افراد کو بھی فائدہ ہوگا جن کے سربراہ خانہ مستقل طورپر وطن جانے کے خواہشمند ہوں مگر ان کے بچے امارات میں رہنا چاہتے ہوں اس صورت میں وہ اپنے قیام کو قانونی بنانے کا حق رکھتے ہیں۔ سربراہ خانہ کا فائنل ایگزٹ لگائے جانے کی صورت میں اہل خانہ کا جبری ایگزٹ نہیں لگے گا۔
یاد رہے حکومت کی جانب سے دی گئی اصلاح حال کی مہم 31 اکتوبر کو ختم ہوجائے گی جس کے بعد یکم نومبر سے تفتیش کا آغاز کیا جائے گا۔
اصلاح حال مہم سے خاندان کے وہ افراد بھی مستفیض ہوسکتے ہیں جن کے اقامے ایکسپائرہوں اوروہ مستقل طورپر وطن جانا چاہتے ہیں اس صورت میں وہ ادارے سے رجوع کرکے پورے خاندان کا فائنل ایگزٹ بغیرکسی جرمانے کے حاصل کرسکتے ہیں۔
امارات الیوم کے مطابق حکومت کی جانب سے غیرقانونی طورپر مقیم افراد کو دی گئی مہلت سے وہ افراد بھی مستفیض ہوں گے جو اپنے قیام کو قانونی بناتے ہوئے امارات میں قیام کے خواہشمند ہوں۔
اگر کوئی کارکن اپنے سابق اسپانسر کے ساتھ مزید کام کرنے کا خواہشمند ہو اور اس کا اقامہ و ورک پرمٹ ایکسپائرہو گیا ہو اس صورت میں آجر کے لیے لازمی ہے کہ وہ وزارت افرادی قوت کی ایپ پر کارکن کے قیام کو قانونی بنانے کی درخواست دے۔
کام سے غیرحاضری ’ہروب‘ فائل ہونے والے کارکن کے سپانسر کو یہ اجازت ہوگی کہ وہ جاری مہلت کے دوران ہروب کو کینسل کرانے کے بعد بغیر جرمانہ ادا کیے اقامے کی تجدید کرلے۔
کارکن اگرکسی نئے سپانسر کے ساتھ کام کرنے کا خواہاں ہو اور اس کا ورک پرمٹ و اقامہ ایکسپائر ہو اس صورت میں بھی نئے آجر کی جانب سے کارکن کے ورک پرمٹ اور اقامے کی تجدید کی درخواست دی جائے۔
وہ افراد جو مہلت کے دوران امارت سے نکل جانے چاہتے ہوں ان کے لیے لازمی کہ وہ ایگزٹ ویزہ جاری ہونے کے زیادہ سے زیادہ 14 دن کے اندر اندر امارات سے ایگزٹ کرجائیں بصورت دیگر مقررہ مدت ختم ہونے کے فوری بعد خود کار طریقے سے ایگزٹ کینسل ہو جائے گا اور ان پر جرمانہ لاگو ہوگا۔
واضح رہے اماراتی حکام کی جانب سے اصلاح حال کی مہم سے مستفیض ہونے والوں کو امارات میں بلیک لسٹ نہیں کیا جائے گا۔
ایسے افراد جو مہلت کے دوران فائنل ایگزٹ پر جاتے ہیں وہ جب چاہئیں دوسرے ویزے پر امارات آسکتے ہیں۔