Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’حزب اللہ کے خلاف بے رحمانہ کارروائی‘، اسرائیلی وزیراعظم کے بیان کے بعد لبنان پر حملے

حزب اللہ کے ڈرون حملے میں چار اسرائیلی فوجی مارے گئے تھے۔ فوٹو: اے ایف پی
اسرائیل کے وزیراعظم بن یامین نیتن یاہو کی جانب سے حزب اللہ کے لیے کسی بھی قسم کا رحم نہ دکھانے کے بیان کے بعد اُن کی فوج نے مشرقی لبنان پر حملے کیے ہیں۔
خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق لبنان کے سرکاری میڈیا نے بتایا ہے کہ حزب اللہ کے جنگجو اسرائیلی فوجیوں کا مقابلہ کر رہے ہیں۔
پیر کو اسرائیلی وزیراعظم کا یہ بیان اُس واقعے کے ایک دن بعد سامنے آیا جب ایک اسرائیلی اڈے پر ایران کے حمایت یافتہ حزب اللہ گروپ کے ڈرون حملے میں چار فوجی ہلاک ہو گئے تھے جبکہ رضاکار امدادی کارکنوں نے بتایا تھا کہ مزید 60 افراد زخمی ہوئے۔
نیتن یاہو نے حیفا کے جنوب میں بنیامینہ کے قریب فوجی اڈے کے دورے کے موقع پر کہا کہ ’ہم بیروت سمیت لبنان کے تمام حصوں میں حزب اللہ پر بے رحمانہ حملے جاری رکھیں گے۔‘
حزب اللہ نے کہا ہے کہ اس کے جنگجوؤں کی منگل کو اسرائیلی فوجیوں سے جھڑپ ہوئی جو راب طلاطن گاؤں کے مضافات میں دراندازی کی کوشش کر رہے تھے۔
لبنان کے عسکری گروپ نے یہ بھی کہا کہ اس نے شمالی اسرائیل میں بڑی تعداد میں راکٹ داغنے کے ساتھ وہاں فوجیوں پر میزائل برسائے جبکہ اسرائیلی فوج نے سرحد کے قریب سائرن بجنے کی اطلاع دی۔
دریں اثنا اسرائیل کی فوج نے کہا کہ اس کے ’فوجیوں نے گزشتہ روز کی لڑائی اور حملوں میں درجنوں دہشت گردوں کو ہلاک کیا۔‘
لبنان کی وزارت صحت کے اعداد وشمار کے مطابق اسرائیل کی گزشتہ ماہ لبنان میں زمینی فوج بھیجنے سے پہلے کی گئی بمباری سے کم از کم 1315 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔
لبنانی وزارت صحت کے اعداد و شمار کے مطابق ہلاکتوں کی حقیقی تعداد زیادہ ہے۔
لبنان کی سرکاری قومی خبر رساں ایجنسی (این این اے) نے رپورٹ کیا کہ اسرائیل نے منگل کی صبح مشرقی وادی بقاع میں متعدد فضائی حملے کیے، جس سے بعلبیک شہر کے ایک ہسپتال کو نقصان پہنچا اور وہاں خدمات کی فراہمی روک دی گئی۔

شیئر: