Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

حزب اللہ کے ڈرون حملے میں 4 اسرائیلی فوجی ہلاک، 60 زخمی

حزب اللہ نے اسرائیلی کارروائی جاری رہنے پر مزید حملوں کی دھمکی دی ہے۔ (فوٹو: اے ایف پی)
 اسرائیلی فوج نے تصدیق کی ہے کہ اتوار کی شام بنیامینہ کے قریب ایک فوجی اڈے پر حزب اللہ کے ڈرون حملے میں اسرائیلی ڈیفنس فورسز( آئی ڈی ایف) کے چار فوجی مارے گئے جبکہ 60 سے زیادہ زخمی ہوئے، سات شدید زخمی ہیں۔
سی این این کے مطابق گزشتہ اکتوبر کو جنگ کے آغاز کے بعد اسرائیل پر ہونے والے سے  سے مہلک حملوں میں سے ایک ہے۔
 آئی ڈی ایف کا کہنا ہے’ حملے میں مرنے والے فوجیوں کے اہل خانہ کو اس کی اطلاع دی گئی ہے‘۔
اسرائیل کی میگن ڈیوڈ ایڈوم ایمرجنسی سروس کا کہنا ہے ’اس حملے میں مجموعی طور پر 61 افراد زخمی ہوئے ہیں‘۔
اسرائیلی ڈیفنیس فورسز کا کہنا ہے’ حزب اللہ کی طرف سے داغے گئے ڈرون نے تل ابیب کے شمال میں واقعہ علاقے بنیامینہ سے متصل ایک فوجی اڈے کو نشانہ بنایا جو لبنان کی سرحد سے تقریبا 40 میل کے فاصلے پر ہے‘۔
لبنان کی وزات صحت کے مطابق’ حزب اللہ نے یہ حملہ لبنان میں اسرائیلی حملوں کے جواب میں کیا، جس میں 22 افراد ہلاک اور درجنوں زخمی ہوئے‘۔
ابتدائی تحقیقات کے مطابق حزب اللہ نے دو ڈرون لانچ کیے جو سمندر کے راستے اسرائیلی فضائی حدود میں داخل ہوئے۔
اس سے قبل اسرائیلی ریسکیو سروس نے حزب اللہ کے ڈرون حملے کے دعوے کے بعد بتایا تھا کہ اتوار کو حیفہ کے جنوب میں 60 سے زیادہ زخمی ہوئے ہیں۔
اسرائیلی ریسکیو سروس نے اپنے فیس بک پیج پر پوسٹ میں بتایا کہ ’یونائیٹڈ ہانزالا ایمبیولینس کی ٹیموں نے حیفا کے جنوب میں 60 سے زیادہ زخمی افراد کو طبی امداد فراہم کی۔ زخمیوں میں سے کئی ایک کی حالت تشویشناک اور بعض بہت زیادہ زخمی ہیں۔‘ 
اے ایف پی کے مطابق حزب اللہ نے لبنان میں اسرائیلی ڈیفنس فورسز کی جانب سے کارروائی جاری رہنے پر مزید حملوں کی دھمکی دی ہے۔ 
اس سے قبل لبنان کی عسکری تنظیم حزب اللہ نے اسرائیلی شہریوں کو خبردار کیا تھا کہ وہ آبادی والے علاقوں میں اسرائیل کے فوجی مقامات سے دور رہیں۔
 حزب اللہ نے عربی اور عبرانی زبان میں جاری کیے گئے بیان میں اسرائیل کے شمالی علاقے میں رہائش پذیر شہریوں کو وارننگ دی تھی۔
لبنان کی عسکری تنظیم کا کہنا تھا کہ ’حیفہ، تبریاس اور ایکرے جیسے مقبوضہ علاقوں‘ میں اسرائیل کی فوج نے شہری آبادی کے درمیان فوجی اڈے قائم کر رکھے ہیں۔
 اسرائیلی شہری اپنی زندگی بچانے کے لیے ان فوجی اڈوں سے دور رہیں۔
یاد رہے کہ اسرائیلی فوج اور حزب اللہ کے درمیان 8 اکتوبر 2023 سے جھڑپیں جاری ہیں جب لبنانی عسکریت پسند گروپ نے غزہ میں اپنے اتحادی حماس کی حمایت میں سرحد پر راکٹ فائر کرنا شروع کیے تھے۔

شیئر: