لبنان میں اسرائیلی جارحیت جاری رہی تو مزید حملے کریں گے: حزب اللہ
لبنان کی عسکریت پسند تنظیم حزب اللہ نے اسرائیل کو دھمکی دی ہے کہ اگر لبنان میں اس کی کارروائیاں جاری رہیں تو وہ مزید حملے کرے گا۔
فرانسیسی خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق حزب اللہ کا یہ بیان اتوار کو اسرائیل کے شہر حیفہ میں فوجی اڈّے پر ڈرون حملے میں چار فوجیوں کی ہلاکت کے بعد سامنے آیا ہے۔
اسرائیل کی فوج نے اس حملے میں چار فوجی اہلکاروں کی تصدیق کی ہے۔
اس حملے کو 23 ستمبر کے بعد سے اسرائیل کے فوجی اڈّے پر ہونے والا سب سے تباہ کن حملہ سمجھا جا رہا ہے جب اسرائیل نے لبنان میں حزب اللہ پر اپنے حملوں میں اضافہ کیا۔
لبنان کی عسکریت پسند تنظیم حزب اللہ نے ایک بیان میں کہا ہے کہ وہ ’دشمن سے وعدہ کرتا ہے کہ اگر اسرائیل نے ہمارے لوگوں کے خلاف اپنی جارحیت جاری رکھنے کا فیصلہ کیا تو اس نے آج جنوبی حیفہ میں جو کچھ دیکھا وہ اس کے مقابلے میں کچھ نہیں ہے جو آگے اس کا منتظر ہے۔‘
ایران کی حمایت یافتہ حزب اللہ نے کہا کہ اس نے اسرائیلی دفاعی نظام کو ’مصروف رکھنے کے لیے‘ حیفہ کے شمال میں نہاریہ اور ایکر کی جانب درجنوں میزائل داغے۔
بیان کے مطابق گروپ نے بیک وقت مختلف ڈرونز کے سکواڈرن جن میں سے کچھ کو پہلی بار استعمال کیا جا رہا تھا، ایکر اور حیفہ کے مختلف علاقوں کی جانب لانچ کیا گیا جہاں وہ اسرائیلی فضائی دفاعی ریڈاروں سے گزرنے میں کامیاب ہو گئے اور حیفہ کے جنوب میں واقع بنیامینہ کے تربیتی کیمپ کو نشانہ بنایا۔‘
بیان میں بتایا گیا کہ ’یہ ڈرونز اُن کمروں میں پھٹ گئے جہاں اسرائیلی دشمن کے درجنوں افسر اور سپاہی موجود تھے۔‘
یاد رہے کہ اسرائیلی فوج اور حزب اللہ کے درمیان 8 اکتوبر 2023 سے جھڑپیں جاری ہیں جب لبنانی عسکریت پسند گروپ نے غزہ میں اپنے اتحادی حماس کی حمایت میں سرحد پر راکٹ فائر کرنا شروع کیے تھے۔