انڈین وزیر خارجہ ڈاکٹر ایس جے شنکر نے بھی وزیراعظم کے عشائیے میں شرکت کی۔ وزیراعظم نے ان کا بھی استقبال کیا اور دونوں کے درمیان مصافحہ اور چند رسمی کلمات کا تبادلہ بھی ہوا۔
پاکستان کی وزارت اطلاعات و وزارت خارجہ کے مطابق منگل کو روس کے وزیر اعظم میخائل ولادیمیرووچ، ایران کے اول نائب صدر ڈاکٹر محمد رضا عارف ترکمانستان کی کابینہ کے نائب چیئرمین راشد میردوف، بیلاروس کے وزیراعظم رومن گولوچینکو اسلام آباد پہنچے۔
’تاجکستان کے وزیراعظم قاہر رسول زادہ، قازقستان کے وزیراعظم اولزاس بیکٹینوف، کرغزستان کے وزراء کابینہ کے چیئرمین زاپروف اکیل بیک اور انڈین وزیر خارجہ سبرامنیم جے شنکر بھی منگل کو ہی اسلام آباد پہنچے تھے۔‘
وفاقی وزیر تعلیم خالد مقبول صدیقی نے ترکمانستان کابینہ کے چیئرمین کا پرتپاک استقبال کیا جبکہ بیلاروس کے وزیراعظم رومن گولوچینکو کا وفاقی وزیر قانون و انصاف اعظم نذیر تارڑ نے استقبال کیا۔
تاجکستان کے وزیراعظم قاہر رسول زادہ شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے رکن ممالک کے سربراہان حکومت کی کونسل کے اجلاس میں شرکت کے لیے اسلام آباد پہنچے، وفاقی وزیر تجارت جام کمال نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔
انڈین وزیر خارجہ سبرامنیم جے شنکر 11 سال بعد اسلام آباد پہنچے تو وزارت خارجہ کے ڈائریکٹر جنرل برائے جنوبی ایشیا الیاس محمود نظامی نے نور خان ایئربیس پر ان کا استقبال کیا۔
خیال رہے کہ ایس سی او وزرائے خارجہ اجلاس جو انڈیا کے سیاحتی مقام گوا میں ہوا تھا، اس میں شرکت کے لیے وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری انڈیا گئے تھے، اس وقت بھی انڈیا کی وزارت خارجہ کے جوائنٹ سیکریٹری نے ان کا استقبال کیا تھا۔
سربراہی اجلاس میں شرکت کرنے والے شنگھائی تعاون تنظیم کے رکن ممالک کے رہنماؤں میں چین کے وزیراعظم آف سٹیٹ کونسل لی چیانگ بھی شامل ہیں جو پیر کو اسلام آباد پہنچے تھے۔ وزیراعظم شہباز شریف نے ایئرپورٹ پر ان کا استقبال کیا۔
قازقستان کے وزیراعظم اولزاس بیکٹینوف کا استقبال وفاقی وزیر عبدالعلیم خان نے کیا اور کرغزستان کے وزراء کابینہ کے چیئرمین زاپروف اکیل بیک کا ایئرپورٹ پر وفاقی وزیر مصدق ملک کا استقبال کیا۔ کونسل کے اجلاس میں ازبک وزیراعظم عبداللہ اریپوف اور ایران کے پہلے نائب صدر محمد رضا عارف بھی شرکت کریں گے۔
اس کے علاوہ منگولیا ایک مبصر ریاست کے طور پر سربراہی اجلاس میں شرکت کر رہا ہے جس کی نمائندگی وزیراعظم اویون ایرڈینے لووسنمسرائے کر رہے ہیں۔
سربراہی اجلاس میں شرکت کرنے والے دیگر شرکاء میں ایس سی او کے سیکرٹری جنرل ژانگ منگ، ڈائریکٹر ایگزیکٹو کمیٹی ایس سی او ریجنل اینٹی ٹیررسٹ سٹرکچر رسلان مرزائیف، بورڈ آف ایس سی او بزنس کونسل کے چیئرمین عاطف اکرام شیخ اور کونسل آف ایس سی او انٹر بینک یونین کے چیئرمین شامل ہیں۔
ایران، ازبکستان، روس اور منگولیا سے مہمان ابھی تک پاکستان نہیں پہنچے۔ امید کی جا رہی ہے کہ وہ آج رات اسلام آباد پہنچ جائیں گے۔
دوسری جانب اسلام آباد پہنچنے والے رہنماؤں کی اجلاس کے سائیڈ لائنز پر وزیراعظم شہباز شریف اور صدر مملکت آصف علی زرداری سے دوطرفہ ملاقاتیں بھی ہو رہی ہیں۔
تاجکستان کے وزیراعظم قاہر رسول زادہ، بیلاروس کے وزیراعظم رومان گولوف چینکو ، کرغزستان کی وزراء کابینہ کے چیئرمین ژاپاروف اکیل بیک، ترکمانستان کے وزراء کی کابینہ کے نائب چیئرمین اور وزیر خارجہ امور راشد میریدوف اور قازقستان کے وزیراعظم اولژاس بیک تینوف نے منگل کو اسلام آباد میں الگ الگ ملاقاتیں کیں۔ جن میں مختلف شعبوں بالخصوص تجارت، سرمایہ کاری، توانائی اور علاقائی روابط کے شعبوں میں قریبی اور باہمی فائدہ مند تعاون کو مستحکم کرنے کی ضرورت پر زور دیا گیا ہے۔