کھجوروں کی نیلامی کے لیے 20 ٹریک بھی ہیں۔ (فوٹو ایس پی اے)
اس سال مدینہ منورہ میں کھجوروں کا سیزن (مدینہ ڈیٹس سیزن 2024) مختلف تقریبات کے ذریعے وزیٹرز کو راغب کررہا ہے جس میں علاقے کے سب سے اہم زرعی ورثے کو دکھایا گیا ہے۔
سرکاری خبررساں ادارے ’ایس پی اے’ کے مطابق مسجد قبا کے قریب یہ نمائش جو 16 اکتوبر تک جاری رہے گی وزیٹرز کو 50 سے زائد سیلز آؤٹ لیٹس کے ذریعے مدینہ منورہ کی مختلف اقسام کی کھجوریں دیکھنے کا منفرد موقع فراہم کرتی ہے۔
مدینہ منورہ ڈیٹ سیزن میں 5 اہم مقامات پر وزیٹرز کو مختلف سہولتیں فراہم کی جارہی ہیں۔ ان میں مقامی کھجور کی پیداوار، پروسیسنگ انڈسٹری اور 5.6 ملین سے زیادہ کھجور کے درختوں کی مارکیٹنگ شامل ہے۔
وزیٹرز کو مدینہ میں کھجوروں کی اقسام کے بارے میں معلومات کے ساتھ اس کے ذریعے مختلف اشیا سے تیار کردہ پکوان، فنون لطیفہ، دستکاری، کھانا پکانے اور بچوں کی دلچسپی کو مدنظر رکھتے ہوئے مختلف کارنرز کے علاوہ مختلف تقریبات اور ورکشاپس بھی منعقد کیے جارہے ہیں۔
کھجور کی مرکزی مارکیٹ میں نیلامی کے لیے درختوں سے اتاری گئی کھجوریں جمع کی جاتی ہیں۔معائنہ ٹیمیں اس بات کو یقینی بناتی ہیں کہ پراڈکٹ معیاری ہوں۔
واضح رہے مدینہ منورہ ریجن میں کھجوروں کی پیداوار 263 ہزار ٹن سے زیادہ ہے، ان میں ’العنبرۃ، العجوۃ، المجدول، البرنی، الصقعی‘ کھجوریں معروف ہیں۔
مملکت کے وژن 2030 کے مقاصد کے مطابق قومی برآمدات کو فروغ دینے اور جی ڈی پی بڑھانے اور ترقی کے حوالے سے یہ اہم کردار ادا کررہی ہے۔
واٹس ایپ پر سعودی عرب کیخبروں کے لیے”اردو نیوز“گروپ جوائن کریں