Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مدینہ کھجور میلہ، تصویری جھلکیاں

گزشتہ 22 دنوں میں 5 ملین کلو کھجور فروخت ہوئی ہے
پاکستان سمیت دنیا کے اکثر ممالک میں کھجور شوق سے کھائی جاتی ہے۔ سعودی عرب کا شمار بھی ان ممالک میں ہوتا ہے جہاں کھجور کی نہ صرف بڑی مانگ ہے، بلکہ مختلف اقسام میں پیدا بھی ہوتی ہیں۔
اسی وجہ سے سعودی عرب کی کھجور نہ صرف دنیا کے مختلف ممالک کو برآمد بھی کی جاتی ہے بلکہ مقامی سطح پر بھی اس کا استعمال بہت زیادہ ہوتا ہے، جس کی وجہ سے کھجور میلے بھی منعقد ہوتے ہیں۔ ایسا ہی ایک میلہ مدینہ میں جاری ہے جس میں لوگ کافی دلچسپی لے رہے ہیں۔ 
مدینہ میں منعقد ہونے والے کھجور میلے میں عیدالاضحی کے بعد سے لے کر اب تک 127 ملین ریال کی کھجور فروخت ہوئی ہے۔

سبق ویب سائٹ کے مطابق گزشتہ 22 دنوں میں 5 ملین کلو کھجور فروخت ہوئی ہے۔ یہاں کھجوروں کی 23 مختلف اقسام موجود ہیں ۔

 ’ہماری کھجوریں باعث برکت ہی‘ کے عنوان کے تحت منعقد ہونے والے میلے میں سب سے زیادہ عجوہ کھجور فروخت ہوئی ہے۔ اب تک کے اعداد وشمار کے مطابق میلے میں عجوہ کھجور کے فروخت کی مقدار ڈیڑھ ملین کلو سے زیادہ ہے۔

مدینہ گورنریٹ کی نگرانی وسرپرستی میں منعقد ہونے والے میلے میں مزارعین کو مختلف سہولتیں فراہم ہیں۔ کھجوروں کی نیلامی کے لئے مزارعین کو اپنی پیداوار کو گاہکوں کے سامنے رکھنے کے لئے اسٹال دیئے گئے ہیں۔

مدینہ میونسپلٹی میلے میں فروخت کی جانے والی کھجوروں کی نگرانی کرتی ہے۔ یہاں ایسی کھجوریں فروخت کرنا منع ہے جن پر ادویہ کے مضر اثرات پائے جاتے ہوں۔ نیلام ہونے والی تمام کھجوروں کا لیبارٹری ٹیسٹ کیا جاتا ہے۔

عجوہ کھجور کے بعد سب سے زیادہ فروخت ہونےوالی کھجوروں میں دوسرے نمبر پر صفاوی ہے، تیسرے پر مجدول جبکہ چوتھے نمبر پر سکری ہے۔ میلے میں صقعی، عایدی، ربیعہ، مشروک، عنبرہ، خضری، مبروم، مشکل، شلبی، برنی اور دیگر اقسام کی کھجوریں بھی موجود ہیں۔

یاد رہے کہ مدینہ میں 40 لاکھ سے زیادہ کھجوروں کے درخت ہیں۔مدینہ منورہ میں کھجور میلہ 150 مربع میٹر کے رقبے پر منعقد کیا جارہا ہے۔ یہاں 500 گاڑیوں کے لئے پارکنگ کی گنجائش ہے۔
 

شیئر: