Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

شردھا کپور ایک ہزار کروڑ کمانے والی اداکاراؤں کی فہرست سے 228 کروڑ کی دوری پر

شردھا کپور کی ’ستری ٹو‘ 60 کروڑ روپے کے بجٹ سے بنائی گئی تھی (فائل فوٹو: انسٹاگرام)
’وہ ستری ہے کچھ بھی کر سکتی ہے‘، فلم ستری ٹو کا یہ وہ ڈائیلاگ ہے جو اس کی کامیابی پر ہر طرف گونج رہا ہے۔
کوئی موئی کے مطابق یہ فلم صرف 60 کروڑ روپے کے بجٹ سے بنائی گئی تھی اور حیرت انگیز طور پر اب تک اس فلم نے 600 کروڑ انڈین روپے سے زائد کا کاروبار کر لیا ہے۔
فلم کی یہ کامیابی اداکارہ شردھا کپور کو کورونا وائرس کی وبا کے بعد ایک ہزار کروڑ روپے کی کمائی کرنے والی فہرست میں شامل کرنے میں اہم کردار ادا کر رہی ہے۔
انڈیا کی صرف پانچ اداکاراؤں نے اب تک یہ سنگ میل عبور کیا ہے۔
کورونا وائرس کی وبا کے بعد شردھا کپور کی صرف دو فلمیں ریلیز ہوئی ہیں۔ ان میں ’تو جھوٹی میں مکار‘ اور ’ستری ٹو‘ شامل ہیں۔
’تو جھوٹی میں مکار‘ جس میں شردھا کپور کے ہمراہ اداکار رنبیر کپور تھے، باکس آفس میں کسی بڑے سنگ میل کو عبور کرنے میں ناکام رہی تھی۔
البتہ رواں سال ریلیز ہونے والی ’ستری ٹو‘ نے تو مبصرین کی امیدوں سے بڑھ کر کامیابی سمیٹی ہے۔
’ستری ٹو‘ میں شردھا کپور کے ساتھ مرکزی کردار نبھانے والے اداکار راج کمار راؤ تھے۔
’ستری ٹو‘ نے اب تک 625 کروڑ انڈین روپ کا کاروبار کیا ہے جبکہ ’تو جھوٹی میں مکار‘ نے 146 کروڑ انڈین روپے کا کاروبار کیا ہے۔
یوں دونوں فلموں کے کاروبار کا مجموعی حجم دیکھا جائے تو اب تک دونوں فلمیں 721 کروڑ انڈین روپے کا کاروبار کر چکی ہیں۔
اس کا مطلب شردھا کپور ایک ہزار کروڑ کمانے والی اداکاراؤں کی فہرست میں شامل ہونے کے لیے 228 کروڑ روپے مزید درکار ہیں۔
شردھا کپور کی آئندہ آنے والی فلموں میں ’چال باز ان لندن‘ اور ’ستری تھری‘ شامل ہیں، تاہم ان کی ریلیز ہونے کی تاریخ ابھی تک سامنے نہیں آئی۔

شیئر: