Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

شردھا کپور کے بغیر فلم کی تشہیر، رنبیر کو عالیہ بھٹ نے منع کیا؟

رنبیر کپور اور شردھا کپور کی فلم ’تو جھوٹی میں مکار‘ آج ریلیز ہو رہی ہے (فوٹو: ہندوستان ٹائمز)
 بالی وُڈ اداکار رنبیر کپور اور اداکارہ شردھا کپور کی نئی کامیڈی رومانس فلم ’تو جھوٹی میں مکار‘ آج ریلیز ہو رہی ہے۔
این ڈی ٹی وی کے مطابق فلم کی تشہیر کے لیے انٹرویوز کے علاوہ انسٹاگرام رِیلز کے ذریعے سے بھی بھرپور انداز میں کی جا رہی ہے۔    
اس سلسلے میں میڈیا سیشن کے دوران رنبیر کپور سے پوچھا گیا کہ وہ اور شردھا کپور الگ الگ فلم کی تشہیر کیوں کر رہے ہیں؟
 ابھی وہ اس کا جواب دینے کے لیے تمہید باندھ رہے تھے کہ ایک اور صحافی نے سوال داغ دیا کہ کیا آپ کی اہلیہ عالیہ بھٹ کو شردھا کپور کے ساتھ فلم کی تشہیر پر کوئی اعتراض ہے یا انہوں نے منع کیا ہے؟
اس کے جواب میں رنبیر کپور نے واضح کیا کہ ’وہ (عالیہ بھٹ) کیوں منع کریں گی، ایسا کس نے کہا ہے۔‘
اس سے پہلے کہ صحافی کوئی اور سوال پوچھتے رنبیر کپور نے ایک بار پھر مائیک سنبھالتے ہوئے کہا کہ ’آپ ایسے ہی افواہ اڑا رہے ہیں اور تنازع کھڑا کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، شاید اس لیے کہ آج کل میری زندگی میں تنازع نہیں ہے۔‘
 ہندوستان ٹائمز کے مطابق رنبیر کپور سے کسی اور تقریب میں بھی ایسا ہی سوال پوچھا گیا جس کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ’فلم میکرز چاہتے ہیں کہ عوام سنیما گھروں میں ہی پہلی بار نئی جوڑی کو دیکھیں۔‘

 

اس موقع پر انہوں نے کہا کہ ان کی بیٹی راہا اور اہلیہ عالیہ بھٹ کشمیر میں ہیں اور میں چاہتا ہوں کہ وہ جلد واپس آئیں کیونکہ میں سے ملنے کے لیے بے چین ہوں۔‘
عالیہ بھٹ انڈیا کے زیرانتظام کشمیر میں اپنی فلم ’راکی اور رانی کی پریم کہانی‘ کی شوٹنگ کے سلسلے میں موجود ہیں۔
کچھ روز قبل 40 سالہ اداکار نے اپنے آنجہانی والد رشی کپور کے حوالے سے کہا تھا کہ ’کسی بھی انسان کے لیے والدین کی وفات بہت بڑا واقعہ ہوتی ہے، خاص طور پر جب آپ کی عمر 40 برس کے قریب ہو۔‘
ان کا مزید کہنا تھا کہ ’آپ کو اس دن کے لیے کوئی تیار نہیں کرتا، یہ مشکل وقت ہوتا ہے مگر اس سے آپ کو زندگی کی سمجھ آتی ہے۔‘
خیال رہے رنبیر کپور کے والد رِشی کپور کا انتقال اپریل 2020 میں ہوا تھا۔

شیئر: