مسام پروجیکٹ: ایک ہفتے میں یمن سے مزید 829 بارودی سرنگیں صاف
مسام پروجیکٹ: ایک ہفتے میں یمن سے مزید 829 بارودی سرنگیں صاف
پیر 21 اکتوبر 2024 18:48
چارلاکھ 66 ہزار711 بارودی سرنگوں کو تباہ کیا جا چکا ہے (فوٹو: عرب نیوز)
سعودی عرب کے مسام پروجیکٹ نے گزشتہ ہفتے کے دوران یمن کے مختلف علاقوں میں مزید 829 بارودی سرنگوں کو صاف کیا ہے۔
عرب نیوز نے ایک رپورٹ کے حوالے سے بتایا شاہ سلمان مرکز برائے امداد و انسانی خدمات کی نگرانی میں پراجیکٹ کی خصوصی ٹیموں نے ایک اینٹی پرسنل بارودی سرنگ، 77 بغیر دھماکے کی ڈیوائسز، 49 اینٹی ٹینک بارودی سرنگیں اور 2 دھماکہ خیز ڈیوائسز کو تباہ کیا ہے۔
مسام پروجیکٹ کے ڈائریکٹر اسامہ القصبی نے بتایا ’ 2018 میں مسام پروجیکٹ کے آغاز سے اب تک یمن میں حوثیوں کی بچھائی گئی چارلاکھ 66 ہزار711 بارودی سرنگوں کو تباہ کیا جا چکا ہے‘۔
حوثیوں کی جانب سے یمن بھر میں نصب کی جانے والی بارودی سرنگوں سے بچوں، خواتین اور معمرافراد سمیت معصوم شہریوں کی زندگیوں کو شدید خطرہ لاحق ہے۔
مارب، عدن، الجوف، لحج، صنعا، صعدہ، البیضا، الضالع، شبوہ، تعز اور دیگر علاقوں سے بارودی سرنگیں صاف کی گئی ہیں۔
واضح رہے کہ حوثی باغیوں کی جانب سے 1.2 ملین سے زیادہ بارودی سرنگیں بچھائی گئی ہیں جس کے باعث سیکڑوں معصوم شہریوں کے زخمی اور ہلاک ہونے کے واقعات رونما ہوئے ہیں۔
مسام پروجیکٹ کا مقصد یمن کے مختلف شہری اور دیہی علاقوں سے بارودی سرنگوں کی صفائی کرنا ہے تاکہ معصوم شہریوں کی جانوں کو ان سے محفوظ کیا جا سکے۔
مسام پروجیکٹ کے مطابق یمن میں بحران کے آغاز سے اب تک تقریبا 50 لاکھ افراد نقل مکانی پر مجبور ہوئے جن میں بیشتر بارودی سرنگوں کے باعث بے گھر ہوئے۔