Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

العلا میں روایتی کھانوں کے فروغ کے لیے اٹلی کی تنظیم سے معاہدہ

معاہدے کا مقصد خطے کی زراعت کے حوالے سے فوڈ کلچر کو فروغ دینا ہے۔ فوٹو واس
رائل کمیشن برائے العلا نے علاقے کے ثقافتی ورثے اور زراعت کو فروغ  دینے کے لیے اٹلی میں قائم عالمی تنظیم ’Slow Food‘ کے ساتھ روایتی کھانوں کو فروغ دینے میں شراکت کا معاہدہ کیا ہے۔
سعودی عرب کی سرکاری نیوز ایجنسی واس کے مطابق اس معاہدے کا مقصد خطے کی زراعت کے ساتھ ساتھ فوڈ کلچر کو فروغ دینا ہے اور العلا کی مصنوعات کے معاشی، سماجی اور صحت سے متعلق فوائد ظاہر کرنا ہے۔
اس شراکتی تعاون کے باعث مملکت کے شمال مغربی خطے کو 150 ممالک میں روایتی اور مقامی کھانوں کو فروغ دینے والی ’Slow Food‘ کے عالمی نیٹ ورک سے جوڑا جائے گا۔
یہ معاہدہ العلا میں گذشتہ دو سال سے منفرد نوعیت کے کھانوں کے ذائقوں کی کامیاب تقریبات کے بعد دنیا بھر سے کھانے کے شوقین سیاحوں کے لیے نئی منزل کے طور پر ابھرے گی۔  
یہ شراکت داری العلا میں ثقافتی ورثے کے ساتھ جڑے مقامی کسانوں، گھریلو دستکاری سے وابستہ خاندانوں اور کاروباری افراد کے لیے بہترین اقتصادی مواقع کی راہیں کھولے گی۔

دنیا بھر سے کھانے کے شوقین سیاحوں کے لیےالعلا نئی منزل ہو گی۔  فوٹو واس

العلا میں کھجور سیزن کے موقع پر سلو فوڈ  کے سٹال سے شیف حوریہ عبدالقادر اور شیف سرحان ہسدمیر خاص پکوان کا مظاہرہ کر کے سیاحوں کی میزبانی کر رہی ہیں۔
العلا کی خاص کھجوروں سے تیار کردہ منفرد پکوان  فارمر مارکیٹ کے المنشیہ پلازہ میں 26 اکتوبر تک پیش کئے جاتے رہیں گے۔
سلو فوڈ کے ساتھ شراکت داری رائل کمیشن برائے العلا کے زرعی اہداف حاصل کرنے اور  علاقے کے کسانوں کی مدد کے لیے زراعت و قدرتی وسائل کے ساتھ دیگر مصنوعات کے لیے نئی منڈیاں کھولنے کا حصہ ہے۔ 

 روایتی کھانوں کو فروغ دینے والی ’Slow Food‘ تنظیم شراکت دار ہوگی۔ فوٹو واس

العلا کے ثقافتی نخلستان میں پکوان کے شعبے میں ثقافتی روایات اور زرعی طریقوں کے فروغ کے لیے رائل کمیشن برائے العلا اور Slow Food کے درمیان تعاون سے علاقے کی معیشت کو مزید تقویت ملے گی اور سیاحوں کو راغب کرنے میں مددگار ثابت ہو گا۔
 

شیئر: