Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

اسرائیل کی حزب اللہ رہنما اور حسن نصراللہ کے ممکنہ جانشین کے مارے جانے کی تصدیق

اسرائیل کے مطابق تین ہفتے پہلے ہونے والے حملے میں ہاشم صفی الدین مارے گئے تھے۔ فوٹو: اے ایف پی
اسرائیلی فوج نے حزب اللہ کے مقتول سربراہ حسن نصراللہ کے ممکنہ جانشین ہاشم صفی الدین کے جنوبی بیروت کے مضافاتی علاقے میں مارے جانے کی تصدیق کی ہے۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق اسرائیلی فوج نے بیان میں کہا ہے کہ ’اب اس بات کی تصدیق کر سکتے ہیں کہ تقریباً تین ہفتے قبل ہونے والے حملے میں حزب اللہ کی ایگزیکیٹو کونسل کے سربراہ ہاشم صفی الدین اور حزب اللہ کے انٹیلی جنس ڈائریکٹوریٹ کے سربراہ علی حسین حزیمہ دیگر حزب اللہ کمانڈرز کے ہمراہ مارے گئے ہیں۔‘
حزب اللہ نے فی الحال اس حوالے سے بیان جاری نہیں کیا۔
رواں ماہ 8 اکتوبر کو وزیراعظم نیتن یاہو نے لبنان کے عوام کو مخاطب کرتے ہوئے کہا تھا کہ اسرائیلی فوج نے ’ہزاروں دہشت گردوں کو ہلاک کیا ہے جن میں (حزب اللہ کے رہنما) نصراللہ اور ان کی جگہ لینے والے اور آگے ان کی جگہ لینے والے بھی شامل ہیں۔‘
منگل کی رات گئے اسرائیلی فوج نے جاری بیان میں کہا کہ تین ہفتے پہلے جنوبی بیروت کے مضافاتی علاقے ضاحیہ میں فضائیہ نے انٹیلی جنس کی بنیاد پر حزب اللہ کے مرکزی ہیڈکوارٹر پر عین مطابق حملہ کیا تھا جب 25 عسکریت پسند اس وقت وہاں موجود تھے ’جس میں بلال صیب عیش بھی شامل ہیں جو فضائی انٹیلی جنس معلومات کے انچارج تھے۔‘
حزب اللہ کے ایک اعلیٰ سطحی ذرائع نے اس وقت بتایا تھا کہ چند ہفتے قبل بیروت پر اسرائیلی حملوں کے بعد سے حزب اللہ کے فیصلہ ساز ادارے کے ایک رکن اور حسن نصراللہ کے رشتہ دار ہاشم صفی الدین سے رابطہ نہیں ہو پا رہا۔
حزب اللہ کے قریبی ذرائع نے اکتوبر کے اوائل میں اے ایف پی کو بتایا کہ مذہبی عالم صفی الدین، جن کے ایران کے ساتھ اچھے تعلقات تھے، کو پارٹی کے اعلیٰ عہدے کے لیے منتخب کیا جا سکتا ہے۔

لبنان پر اسرائیلی حملوں میں اب تک ایک ہزار 552 افراد ہلاک وہ چکے ہیں۔ فوٹو: اے ایف پی

غزہ میں حماس کے ساتھ تقریباً ایک سال سے جاری جنگ کے بعد اسرائیل نے ستمبر کے اواخر سے اپنی توجہ لبنان کی طرف مبذول کی ہوئی ہے اور شمالی سرحد کو حزب اللہ کی سرحد پار سے ہونے والی فائرنگ سے محفوظ بنانے کے لیے پرعزم ہے۔
23 ستمبر سے شروع ہونے والی لڑائی میں اسرائیل کے لبنان پر فضائی حملوں اور زمینی کارروائی میں اب تک کم از کم ایک ہزار 552 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔
اسرائیلی فوج نے منگل کی شام دارالحکومت بیروت کے جنوبی مضافاتی علاقوں کے رہائشیوں کو حملوں کے حوالے سے خبردار کرتے ہوئے علاقے خالی کرنے کا کہا ہے۔
حزب اللہ کی جانب سے بھی اسرائیل پر راکٹ اور میزائل فائر کرنے کا سلسلہ جاری ہے۔
منگل کی رات گئے جاری بیان میں اسرائیلی فوج کا کہنا تھا کہ ’حزب اللہ کی دہشت گرد تنظیم آج تقریباً 140 راکٹ فائر کیے جو لبنان کی طرف سے اسرائیل میں داخل ہوئے۔‘

شیئر: