Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ایئر انڈیا کی پرواز میں بم کی اطلاع، پاکستان کی ایوی ایشن اتھارٹی کی معاونت

انڈین شہر کوچن سے لندن جانے والی ایئر انڈیا کی پرواز میں بم کی اطلاع پر پاکستان کی سول ایوی ایشن اتھارٹی (سی اے اے) نے معاونت کی۔
انڈیا ٹوڈے کے مطابق ایک ہفتے میں 150 سے زائد پروازوں میں بم کی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔
سی اے اے ذرائع کے مطابق انڈین اے ٹی سی کی درخواست پر کراچی اے ٹی سی کنٹرول نے رابطہ کر کے صورتحال سے آگاہ کیا۔ ایئر انڈیا کے طیارے کے کپتان نے بم کی اطلاع پر بلوچستان کی حدود میں کئی منٹ تک فضا میں چکر کاٹے۔
سی اے اے نے کہا کہ ایئر انڈیا کا طیارہ احمد آباد سے ہوتا ہوا پاکستان کی  فضائی حدود میں داخل ہوگا۔ طیارہ اب پاکستان کی فضائی حدود سے نکل کر افغانستان کی حدود میں داخل ہو چکا ہے۔ طیارے کے کپتان نے پرواز کو جاری رکھنے کا فیصلہ کیا۔
انڈین ایئرلائنز کے لیے گذشتہ کچھ روز خاصے پریشان کن رہے ہیں۔ اس سے قبل بنگلورو جانے والی اکاسا ایئر اور دہلی جانے والی انڈیگو ایئرلائن کی فلائٹ میں بم کی اطلاع دی گئی۔
 اس طرح گذشتہ ایک ہفتے کے دوران انڈین پروازوں کو دی جانے والی دھمکیوں کی تعداد 12 ہو گئی ہے۔
این ڈی ٹی وی کے مطابق اکاسا ایئر کے ترجمان نے بتایا کہ فلائٹ کیو پی 1335 جس میں عملے کے سات ارکان سمیت 177 مسافر سوار تھے، دھمکی ملنے کے بعد واپس دہلی آگئی۔
اسی طرح انڈیگو کی ممبئی سے نئی دہلی جانے والی فلائٹ 6 ای 651 کو دھمکی کے بعد احمدآباد کی جانب موڑ دیا گیا۔ ترجمان انڈیگو کے مطابق تمام مسافروں کو باحفاظت جہاز سے باہر نکال لیا گیا۔
اس کے علاوہ ایئر انڈیا کی دہلی سے شکاگو، انڈیگو کی دمام سے لکھنو اور ایئر انڈیا ایکسپریس کی ایودھیا سے بنگلورو جانے والی پروازوں کو بھی دھمکی آمیز کالز موصول ہوئیں۔ 
اسی طرح دربھانگا سے ممبئی جانے والی فلائٹ ایس جی 116، بگ ڈوگرا سے بنگلورو کی پرواز کیو پی 1373، الائنس ایئر کی امرتسر-دہرادون  اور دہلی جانے والی فلائٹ میں بھی بم کی موجودگی کی اطلاع دی گئی۔
ان فلائٹس کے علاوہ مدورائے سے سنگاپور کے لیے جانے والی ایئر انڈیا ایکسپریس کی پرواز آئی ایکس 684 میں بھی بم کی موجودگی کی اطلاع دی گئی تھی۔
اس سے قبل انڈیگو ایئر کی دو اور ایئر انڈیا کی ایک پرواز کو بھی ایسی ہی صورت حال کا سامنا کرنا پڑا جب ایک نامعلوم شخص نے ان فلائٹس میں بھی بم موجود ہونے کے بارے میں بتایا۔
اسی طرح ممبئی سے نیو یارک کے جے ایف کینیڈی ایئرپورٹ کے لیے ایئر انڈیا کی فلائٹ اے آئی 119 بھی دھمکی سے محفوظ نہیں رہی اور اس کے ساتھ ہی انڈیگو ایئر کی مسقط اور جدہ جانے والی پروازوں کو بھی بم کی دھکمیاں دی گئیں۔
ایوی ایشن حکام نے بتایا کہ کچھ مشتبہ افراد کی نشان دہی کر لی گئی ہے اور ڈارک ویب کی بھی نگرانی کی جا رہی ہے۔

شیئر: