Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

انڈین فلائٹس کو 3 روز میں بم کی 12 دھمکی آمیز کالز موصول، کئی پروازیں واپس بُلا لی گئیں

حکام کے مطابق چند مشتبہ افراد کی نشان دہی کر لی گئی ہے اور ڈارک ویب کی بھی نگرانی کی جا رہی ہے (فائل فوٹو: روئٹرز)
انڈین ایئرلائنز کے لیے گذشتہ 72 گھنٹے خاصے پریشان کن رہے ہیں۔ بنگلورو جانے والی اکاسا ایئر اور دہلی جانے والی انڈیگو ایئرلائن کی فلائٹ میں بم کی اطلاع دی گئی۔
 اس طرح گذشتہ تین روز کے دوران انڈین پروازوں کو دی جانے والی دھمکیوں کی تعداد 12 ہو گئی ہے۔
این ڈی ٹی وی کے مطابق اکاسا ایئر کے ترجمان نے بتایا کہ فلائٹ کیو پی 1335 جس میں عملے کے سات ارکان سمیت 177 مسافر سوار تھے، دھمکی ملنے کے بعد واپس دہلی آگئی۔
اسی طرح انڈیگو کی ممبئی سے نئی دہلی جانے والی فلائٹ 6 ای 651 کو دھمکی کے بعد احمدآباد کی جانب موڑ دیا گیا۔ ترجمان انڈیگو کے مطابق تمام مسافروں کو باحفاظت جہاز سے باہر نکال لیا گیا۔
اس کے علاوہ ایئر انڈیا کی دہلی سے شکاگو، انڈیگو کی دمام سے لکھنو اور ایئر انڈیا ایکسپریس کی ایودھیا سے بنگلورو جانے والی پروازوں کو بھی دھمکی آمیز کالز موصول ہوئیں۔ 
اسی طرح دربھانگا سے ممبئی جانے والی فلائٹ ایس جی 116، بگ ڈوگرا سے بنگلورو کی پرواز کیو پی 1373، الائنس ایئر کی امرتسر- ڈیرہ دھون اور دہلی جانے والی فلائٹ میں بھی بم کی موجودگی کی اطلاع دی گئی۔
ان فلائٹس کے علاوہ مدورائے سے سنگاپور کے لیے جانے والی ایئر انڈیا ایکسپریس کی پرواز آئی ایکس 684 میں بھی بم کی موجودگی کی اطلاع دی گئی تھی۔
اس سے قبل پیر کو انڈیگو ایئر کی دو اور ایئر انڈیا کی ایک پرواز کو بھی ایسی ہی صورت حال کا سامنا کرنا پڑا جب ایک نامعلوم شخص نے ان فلائٹس میں بھی بم موجود ہونے کے بارے میں بتایا۔
اسی طرح ممبئی سے نیو یارک کے جے ایف کینیڈی ایئرپورٹ کے لیے ایئر انڈیا کی فلائٹ اے آئی 119 بھی دھمکی سے محفوظ نہیں رہی اور اس کے ساتھ ہی انڈیگو ایئر کی مسقط اور جدہ جانے والی پروازوں کو بھی بم کی دھکمیاں دی گئیں۔
ایوی ایشن حکام نے بتایا کہ کچھ مشتبہ افراد کی نشان دہی کر لی گئی ہے اور ڈارک ویب کی بھی نگرانی کی جا رہی ہے۔

شیئر: