کویت میں نیا ٹریفک قانون، کن خلاف ورزیوں پر بھاری جرمانے عائد ہوں گے؟
ہفتہ 26 اکتوبر 2024 23:19
سنگین ٹریفک خلاف ورزی پر جرمانہ 5 ہزار کویتی دینار تک ہوگا (فوٹو: ایکس اکاونٹ)
کویت نے نیا ٹریفک قانون متعارف کرانے کا فیصلہ کیا ہے ۔خلاف ورزیوں پر بھاری جرمانے اور کئی پابندیاں شامل ہیں۔
کونا کے مطابق اسسٹنٹ انڈر سیکریٹری ٹریفک امور اور آپریشننز میجر جنرل یوسف الخدہ نے بتایا ’نئے قانون میں سب سے کم جرمانہ ممنوعہ علاقے میں پارکنگ پر 15 کویتی دینار اور سنگین خلاف ورزی پر جرمانہ 5 ہزار کویتی دینار تک ہوگا‘۔
انہوں نے بتایا’ کویت میں اوسط یومیہ 300 ٹریفک خلاف ورزیاں ہوتی ہیں جن میں 90 فیصد لاپرواہی سے ڈرائیونگ یا دوران ڈرائیونگ موبائل فون کا استعمال ہے‘۔
دوران ڈرائیونگ موبائل فون کے استعمال پر جرمانہ 5 کویتی دینار سے بڑھا کر 75 کویتی دینار کیا جائے گا جبکہ سیٹ بیلٹ نہ باندھنے پر جرمانہ 10 کویتی دینار سے تین گنا 30 کویتی دینار ہوگا۔
لاپرواہی سے ڈرائیونگ پرجرمانہ 30 کویتی دینار سے بڑھ کر 150 کویتی دینار ہوگا۔
تیزرفتاری پر جرمانہ 70 کویتی دینار سے 150 کویتی دینار ہوگا جبکہ شاہراہوں پر ریس پرلگانے اور اشارہ توڑنے پر جرمانہ 50 سے بڑھا کر 150 کویتی دینار تک کیا جا رہا ہے۔
معذور افراد کےلیے مختص پارکنگ کی خلاف ورزی پر اس وقت جرمانہ 10 کویتی دینار ہے جو بڑھ کر 150 کویتی دینار ہوجائے گا۔
اس کے علاوہ منشیات یا الکحل کے زیر اثر گاڑی چلانے پر بھی سخت سزائیں متعارف کرائی گئی ہیں
اس کے مرتکب افرد کو تین ہزار کویتی دینار جرمانہ اور ایک سے دو سال قید کی سزا کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔
سرکاری یا نجی املاک کو نقصان پہنچانے پر جرمانہ دو ہزار سے تین ہزار کویتی دینار کے درمیان اور قید کی سزا ایک سے تین سال تک ہوگی۔
حادثے میں کسی کی موت واقع ہونے پر جرمانہ کم ازکم دو ہزار سے پانچ ہزار کویتی دینار تک جبکہ دو سے پانچ برس قید بھی ہو سکتی ہے۔