Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ٹیسٹ رینکنگ: سعود شکیل اور نعمان علی ٹاپ 10 میں شامل، ساجد خان کی 12 درجہ ترقی

سعود شکیل 20 درجے ترقی کے بعد عالمی طور پر ساتویں نمبر پر آگئے ہیں (فائل فوٹو: اے ایف پی)
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے ٹیسٹ کرکٹ کی نئی رینکنگ جاری کر دی ہے۔
پاکستان کے ٹیسٹ سکواڈ کے نائب کپتان سعود شکیل بیٹنگ رینکنگ میں لمبی چھلانگ لگا کر دنیا کے ٹاپ 10 کھلاڑیوں میں شامل ہو گئے ہیں۔
نعمان علی بھی ٹیسٹ کرکٹ کی بولنگ رینکنگ میں ٹاپ 10 میں شامل ہو گئے ہیں۔
سعود شکیل 20 درجے ترقی کے بعد عالمی طور پر ساتویں نمبر پر جبکہ نعمان علی آٹھ درجے ترقی کر کے نویں نمبر پر آگئے ہیں۔
ٹیسٹ بیٹرز میں انگلینڈ کے جو روُٹ کی پہلی پوزیشن برقرار ہے جبکہ نیوزی لینڈ کے کین ولیمسن دوسرے نمبر پر موجود ہیں۔
انڈیا کے جیسوال ایک درجے ترقی کے بعد تیسرے نمبر پر آ گئے اور وراٹ کوہلی چھے درجے تنزلی کے بعد 14 ویں نمبر پر چلے گئے ہیں۔
ٹیسٹ بیٹرز کی رینکنگ میں پاکستان کے سابق کپتان بابر اعظم ایک درجہ ترقی کرنے کے بعد 19 سے 18 ویں نمبر پر آ گئے ہیں۔
ٹیسٹ بولرز کی رینکنگ میں اںڈیا کے جسپریت بمرا کی پہلی پوزیشن چھن گئی ہے۔
نئی رینکنگ کے مطابق جنوبی افریقہ کے کگیسو ربادا ٹیسٹ کرکٹ کے نمبر ون بولر بن گئے ہیں ان کی رینکنگ میں 3 درجے ترقی ہوئی ہے۔

جسپریت بمرا تیسرے نمبر پر چلے گئے ہیں اور آسٹریلیا کے جوش ہیزل ووڈ ایک درجے ترقی کے بعد دوسرے نمبر پر آ گئے ہیں۔
انڈیا کے روی چندرن اشوین دو درجے تنزلی کے بعد چوتھے نمبر پر چلے گئے جبکہ پاکستان کے نعمان علی 8 درجے ترقی کے بعد ٹاپ ٹین میں شامل ہو گئے ہیں ان کی ٹیسٹ بولروں میں 9 ویں پوزیشن ہے۔
پاکستان کے ساجد خان 12 درجے ترقی کے بعد 38 نمبر پر آ گئے ہیں۔
ٹیسٹ آل راؤنڈرز میں انڈیا کے رویندرا جدیجا کی پہلی پوزیشن برقرار ہے۔

شیئر: