کویت میں 489 افراد کی شہریت منسوخ کرنے کا فیصلہ
جمعرات 31 اکتوبر 2024 20:24
کویت نے ستمبر میں ایک خاتون سمیت 9 افراد کی شہریت منسوخ کی تھی۔ (فوٹو اخبار 24)
کویتی قومیت کی تحقیقات کی سپریم کمیٹی نے جمعرات کو 489 مقدمات میں کویتی شہریت واپس لینے کا فیصلہ کیا ہے۔ جس کے بعد اسے وزراء کونسل میں پیش کرنے کی تیاری کی جارہی ہے۔
اخبار 24 کے مطابق کویتی شہریت کی تحقیقات کے لیے سپریم کمیٹی کا اجلاس جمعرات کو ہوا۔ جس کی صدارت اول نائب وزیراعظم، وزیر دفاع اور وزیر داخلہ شیخ فہد یوسف سعود الصباح نے کی۔
کویت نے گزشتہ چند مہینوں میں سیکڑوں افراد سے شہریت واپس لے لی ہے کیونکہ حکام شہریت کے حصول میں جعل سازوں، دھوکہ دہی اور اس طرح کے لوگوں کا پردہ فاش کرنے کا کام جاری رکھے ہوئے ہیں۔
الشرق الاوسط کے مطابق گزشتہ سال 20 ستمبر کے بعد یہ کویتی شہریت واپس لینے کا سب سے بڑا واقعہ ہے اس وقت کویتی قومیت کی تحقیقات کی سپریم کمیٹی نے 112 افراد کی شہریت واپس لے لی تھی۔
واضح رہے کہ اس سے قبل ستمبر 2024 میں کویت نے ایک خاتون سمیت 9 افراد کی شہریت منسوخ کردی تھی۔
کویت کی خبروں کے لیے ”اردو نیوزکویت“ گروپ جوائن کریں