امارات: ’حج کے لیے 70 سال سے زائد عمر کے افراد کی درخواستیں منظور کرلی گئیں‘
51732 نے پہلے کبھی حج ادا نہیں کیا تھا۔ (الامارات الیوم)
متحدہ عرب امارات کی جنرل اتھارٹی آف اسلامک افیئرز، انڈومنٹس اینڈ زکوۃ نے آئندہ سیزن 2025 مطابق 1446ھ میں حج کی ادائیگی کے لیے 70 سال اور اس سے زائد عمر کے تمام افراد کی حج درخواستیں قبول کرلی ہیں۔ درخواستیں منظور کردہ معیار اور شرائط کے مطابق قبول کی گئی ہیں۔
امارات کی سرکاری خبررساں ایجنسی ’وام‘ کے مطابق اتھارٹی نے وضاحت کی کہ اس کے سرکاری چینل کے ذریعے حج کے لیے رجسٹریشن کرانے والوں کی تعداد 60248 رہی جس میں سے 51732 نے پہلے کبھی حج ادا نہیں کیا تھا۔
اس موقع پر اتھارٹی نے کہا کہ سعودی عرب میں حکام کی جانب سے متحدہ عرب امارات کا مختص کردہ حج کوٹہ 6228 عازمین کا ہے جو حج امور کے لیے منظم ریفرنس سسٹم کے مطابق شہریوں میں تقسیم کیا گیا ہے۔
متحدہ عرب امارات کے حکام نے بتایا کہ الیکٹرانک حج اور عمرہ سسٹم نے ابتدائی چھانٹی کے عمل کو ہموار، لچکدار اور شفاف طریقے سے مکمل کیا ہے۔
اتھارٹی کا کہنا ہے کہ 3051 اجازت نامے ایسے افراد کے زمرے کے لیے منظور کیے گئے ہیں جو بزرگ تھے جوکل کوٹے کا 49 فیصد ہے اس میں 70 سال اور اس سے زیادہ عمر کے افراد کو شامل کیا گیا ہے۔
اتھارٹی کا مزید کہنا تھا کہ اس کے علاوہ 3177 پرمٹ دیگر عمر کے گروپوں اوران کے ساتھیوں کو الاٹ کے گئے ہیں جو کل کوٹے کا 51 فیصد بنتا ہے
امارات کی خبروں کے لیے ”اردو نیوز یو اے ای“ گروپ جوائن کریں