Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ریاض: سعودی و پاکستانی وزرا کے مابین اعلیٰ سطح کا اجلاس، بھاری سرمایہ کاری کا روڈ میپ طے

باہمی معاہدوں کو عملی جامہ پہنانے پر اتفاق کیا گیا۔ فوٹو: وزارت برائے پٹرولیم
سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں پاکستان کے وفاقی وزراء اور سعودی حکام کے درمیان اعلیٰ سطح کا اجلاس منعقد ہوا جس میں دونوں ممالک کے مابین بھاری سرمایہ کاری کے روڈ میپ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
جمعے کو وزارتِ پٹرولیم کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ سعودی وزیر برائے سرمایہ کاری شیخ خالد بن عبدالعزیز الفالح نے ریاض میں پاکستان کے وفاقی وزیر برائے سرمایہ کاری بورڈ، نجکاری اور مواصلات عبدالعلیم خان اور وزیرِ پٹرولیم مصدق ملک کے ہمراہ اجلاس منعقد کیا جس میں دونوں ممالک میں طے ہونے والے ایم او یوز اور مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے معاہدوں پر عمل درآمد کا جائزہ لیا گیا۔
سعودی وفد کے حالیہ دورہ پاکستان اور وزیر اعظم کے سعودی عرب کے دورے کی روشنی میں باہمی معاہدوں کو عملی جامہ پہنانے پر اتفاق کیا گیا۔
سعودی وزیر برائے سرمایہ کاری شیخ خالد بن عبدالعزیز الفالح نے وفاقی وزرا کا سعودی عرب میں خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ اُن کا حالیہ دورہ پاکستان انتہائی خوشگوار، مثبت اور تعمیری رہا ہے جس کے تناظر میں آئندہ کی پیش رفت کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔
انہوں نے وفاقی وزیر سرمایہ کاری بورڈ کو 25 اور26 نومبر کو سعودی عرب میں ہونے والے ایکسپو میں شرکت کی دعوت دیتے ہوئے پاکستان میں سرمایہ کاری کے لیے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کروائی۔
سعودی وزیر شیخ خالد بن عبدالعزیز الفالح کا کہنا تھا کہ پاکستانی معیشت اور تجارت کے فروغ میں ماضی کی طرح آئندہ بھی سعودی عرب بھرپور کردار ادا کرے گا اور جن شعبوں کی نشاندہی کی گئی ہے اُن میں سرمایہ کاری کے حجم میں مزید اضافہ کریں گے۔
اجلاس کے دوران وفاقی وزیر سرمایہ کاری بورڈ عبدالعلیم خان نے سعودی حکام کو بتایا کہ پاکستان سرمایہ کاری کے لیے اہم شعبوں کی ترجیحی فہرست کے مطابق عمل درآمد کو یقینی بنائے گا اور سازگار ماحول کی فراہمی کے ساتھ ساتھ سعودی سرمایہ کاروں کو غیر ضروری کارروائیوں سے گریز اور ہر طرح کی سہولت کی فراہمی یقینی بنائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں نئے تقاضوں کے مطابق سرمایہ کاری کے امور کو آگے بڑھا کر پاک سعودی تعلقات کو مزید مضبوط کرنا ہے، ایک ماہ میں سعودی عرب کے وزیر سرمایہ کاری کی پاکستان آمد اور اُن کے فوری بعد وزیراعظم پاکستان کا یہاں کا دورہ اور وفاقی وزراء کی موجودگی ہمارے مضبوط عزم کا اظہار ہے۔
اجلاس میں سعودی عرب اور پاکستان کی سرمایہ کاری کی وزارت کے سینیئر افسران نے دونوں ممالک کے مابین مختلف شعبوں میں دو طرفہ تعاون کی نشاندہی کی اور اس حوالے سے مختلف تکنیکی امور کو جلد مکمل کرنے کے حوالے سے اہم فیصلوں کی منظوری دی گئی جس کے بعد سرمایہ کاری کا عملی طور پر آغاز ہو جائے گا۔

شیئر: